ٹرمپ نےفوج کو گرین لینڈ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا حکم دے دیا

ٹرمپ نے جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ (JSOC) کو ایک حملے کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اس اقدام کے خلاف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ غیرقانونی ہوگا اور اس کی کانگریس کی منظوری موجود نہیں ہوگی

By
ٹرمپ / AP

برطانوی اخبار ‘ڈیلی میل’ نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی افواج کے کمانڈروں کو گرین لینڈ پر حملے کا منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔

اخبار کے مطابق صدر کے اردگرد پالیسی کے سخت گیر حلقے، جو 3 جنوری کو وینیزویلا میں ایک عسکری کارروائی میں صدر نیکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کے اغوا میں کامیابی کے بعد ابھرے، ’تیزی سے اس جزیرے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ روس یا چین سے پہلے قدم اٹھا لیا جائے۔‘

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے جوائنٹ اسپیشل آپریشنز کمانڈ (JSOC) کو ایک حملے کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اس اقدام کے خلاف ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ غیرقانونی ہوگا اور اس کی کانگریس کی منظوری موجود نہیں ہوگی۔

جمعہ کو گرین لینڈ کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا، ‘ہم امریکی نہیں بننا چاہتے، ہم ڈینش نہیں بننا چاہتے، ہم گرین لینڈ کے باشندے بننا چاہتے ہیں۔’ یہ بیان ٹرمپ کے گرین لینڈ حاصل کرنے میں دلچسپی کے اظہار کے بعد آیا۔

جمعہ کو وائٹ ہاؤس کی ایک تقریب میں ٹرمپ نے کہا، ‘ہم گرین لینڈ کے بارے میں کچھ کریں گے چاہے وہ پسند کریں یا نہ کریں، کیونکہ اگر ہم نے نہیں کیا تو روس یا چین گرین لینڈ پر قبضہ کر لیں گے اور ہم روس یا چین کو پڑوسی کے طور پر قبول نہیں کریں گے۔’

انہوں نے مزید کہا کہ میں معاملہ آسانی سے طے کرنا پسند کروں گا، لیکن اگر ہم اسے آسان طریقے سے نہیں کر پائے تو ہم مشکل طریقہ اختیار کریں گے۔’

ٹرمپ کے بیانات پر مذمت کی گئی ہے، خاص طور پر یورپی ممالک نے انتباہ کیا ہے کہ اس اقدام کا مطلب نیٹو کے خاتمے تک پہنچ سکتا ہے۔