تہران پر امریکی اور اسرائیلی حملے، 17 افراد ہلاک
تہران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئےہیں: مہر خبر ایجنسی
ایران کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آج بروز پیر علی الصبح تہران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئےہیں۔
مہر خبر ایجنسی کے مطابق دارالحکومت تہران کے مشرقی حصے پر کئے گئے ایک حملے میں تین عمارتیں منہدم ہو گئیں اور تقریباً 50 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
صوبہ بہارستان کے گورنر کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق قلعہ میر قصبے کی دو رہائشی عمارتوں پر امریکی اور اسرائیلی افواج کی بمباری کے نتیجے میں شہری اموات ہوئی ہیں اور ملبے میں تلاش و بچاو کارروائیاں جاری ہیں۔
دارالحکومت تہران میں آدھی رات کے وقت بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
ایرانی سرکاری ذرائع ابلاغ اور ہنگامی خدمات کے مطابق بروز پیر علی الصبح تہران کے ایک رہائشی علاقے اور شہر کے دیگر مقامات پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم چھ بچے بھی شامل ہیں۔
شہر کی فضاؤں میں جنگی طیارے دیکھے گئے اور جنوبی اور مغربی علاقوں میں دھماکے سُنائی دیئے ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق تہران پر کئے گئے حملوں میں شریف ٹیکنالوجی یونیورسٹی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
حیفا پر میزائل حملے
اسرائیل کا شہر حیفا بھی ایران کے شدید میزائل حملوں کی زد میں آیا، دھماکہ خیز وارہیڈ والے میزائل شہر کے مختلف علاقوں میں گرے اور کئی مقامات پر آگ لگ گئی۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق حملوں کے بعد کارمل علاقے میں متعدد مقامات پر بم ڈسپوزل ماہرین کو تعینات کیا گیا ہے۔
میزائل حملے سے کئی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
دریں اثنا، چینل 12 کے مطابق ایک ذریعے نے تصدیق کی ہے کہ امدادی ٹیموں نے حیفا میں گذشتہ روز نشانہ بننے والی ایک عمارت کے ملبے سے دو لاشیں نکال گئی ہیں۔