روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے، روس کے اندر گہرائی تک حملوں کے لئے، یوکرین کو طویل المسافت ٹوماہاک میزائل فراہم کئے تو ماسکو اور واشنگٹن کے تعلقات ختم ہو جائیں گے۔
پوتن نے اتوار کو جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ "اگر یوکرین کو طویل المسافت ٹوما ہاک دیئے گئے تو یا تو ہمارے تعلقات ختم ہو جائیں گے اور اگر ختم نہ ہوئے تو کم از کم ان کی مثبت نہج ختم ہو جائے گی"۔
امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ واشنگٹن یوکرین کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹوماہاک میزائل حاصل کرنے کی درخواست پر غور کر رہا ہے۔ یہ میزائل ماسکو سمیت روس کے اندر گہرائی تک حملہ کر سکیں گے۔تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ اس پر حتمی فیصلہ کیا گیا ہے یا نہیں۔
ٹوماہاک کروز میزائل کی رینج 2,500 کلومیٹر (1,550 میل) ہے، جس کا مطلب ہے کہ اگر یوکرین کو یہ میزائل مل جاتے ہیں تو کریملن اور پورا یورپی روس نشانے کی زد میں آ جائے گا۔
پوتن نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ ٹوماہاک میزائل کو امریکی فوجی عملے کی براہ راست شرکت کے بغیر استعمال کرنا ناممکن ہے لہٰذا یوکرین کو ایسے میزائلوں کی فراہمی کشیدگی کے ایک "شدید نئے مرحلے" کو جنم دے گی۔















