ترکیہ: اسرائیلی کاروائیاں بین الاقوامی کوششوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں

ہم، آج غزہ پر کئے گئے اسرائیلی حملوں اورمستقل فائربندی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں: ترکیہ وزارتِ خارجہ

By
سینتیس فلسطینی اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہوئے۔ / Reuters

ترکیہ وزارتِ خارجہ نے غزہ پر اسرائیلی حملوں اور فائر بندی کی خلاف ورزیوں کی شدید مذّمت کی  اور کہا ہے کہ یہ کارروائیاں علاقے میں امن و استحکام کی بحالی کے لئے جاری بین الاقوامی کوششوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔

وزارتِ خارجہ نے بروز ہفتہ  ترکیہ کے سماجی رابطہ پلیٹ فارم NSosyal سے جاری کردہ بیان میں  کہا  ہے کہ " ہم، آج غزہ پر کئے گئے اسرائیلی حملوں اورمستقل فائربندی خلاف ورزیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہیں"۔

وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ "یہ حملے،غزہ میں امن عمل کے اگلے  مرحلے کے آغاز کےموقع پر کئے گئے ہیں اورعلاقے میں قیامِ امن و استحکام کی بین الاقوامی کوششوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔یہ حالات ایک بار پھر ثابت کرتے ہیں کہ اسرائیل "علاقے میں امن نہیں چاہتا"۔

وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ" ہمارا اصرار ہے  کہ اسرائیل سے خاص طور پر فائر بندی کی بحالی اور غزّہ کے لئے بلا رکاوٹ انسانی امداد کی ترسیل سمیت، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے تحت منظور شدہ، امن منصوبے کی تمام شقوں کی پابندی کروائی جائے"۔  

بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ امن عمل کو آگے بڑھانے  کے لئے  اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

واضح رہے کہ اوائلِ اکتوبر میں طے پانے والی فائر بندی  کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 524 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل ،غزہ کے مختلف حصوں پر حملے کر کے، 37 فلسطینیوں کو قتل کر  چُکا ہے۔