ترکیہ: الفاشر میں فوری طور پر جنگ بند کی جائے
سوڈان کے شہر الفاشر اور اس کے گردونواح میں فوری طور پر جنگ بند کی جائے: ترکیہ وزارتِ خارجہ
ترکیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سوڈان کے شہر الفاشر اور اس کے گردونواح میں فوری طور پر جنگ بند کی جائے۔
ترکیہ وزارتِ خارجہ نے منگل کے روز جاری کردہ بیان میں اپیل کی ہے کہ علاقے میں محفوظ داخلےو خروج اور انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور معصوم شہریوں پر حملے بند کئے جائیں۔
انقرہ نے کہا ہے کہ ہم، سوڈان میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفتوں پر سخت تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہیں اور اس معاملے پر عرب لیگ کے بیانات سے اتفاق کرتے ہیں۔
وزارت خارجہ نے الفاشر میں شہریوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کی اور سوڈان کے اتحاد، علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے ساتھ ترکیہ کی واضح حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
بیان میں تنازعے کے پرامن حل کی تلاش کے لیے بات چیت کی اہمیت پربھی زور دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کے آخر میں الفاشر پر نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز'آر ایس ایف'نے قبضہ کر لیا تھا۔
سوڈان مسلح افواج اور آر ایس ایف کے درمیان اپریل 2023 سے خانہ جنگی جاری ہے۔ اس تنازعے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔