اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی جوڑے اور ان کے دو بچوں کو گولی مار کے قتل کر دیا

تمّون میں قابض فوج کی فائرنگ کے بعد ایک ہی خاندان کے چار شہداء تبّاس کے ترکیہ پبلک ہسپتال پہنچادیئے گئے ہیں: فلسطین وزارتِ صحت

By
اسرائیلی زیر قبضہ مغربی کنارے کے دورا میں 14 مارچ 2026 کو اسرائیلی فوج کے ایک فلسطینی گھر کو منہدم کرنے پر دھواں اٹھ رہا ہے۔ / Reuters

فلسطین وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ آج بروز اتوار  مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی جوڑے اور ان کے دو بچوں کو گولی مار کے قتل کر دیا ہے۔

فلسطین ہلال احمر نے بھی کہا  ہےکہ اس کی ٹیموں نے تمّون کے قصبے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بننے والی  ایک گاڑی سے دو بالغوں اور دو بچوں کی لاشیں نکالی ہیں۔

اے ایف پی کی  طرف سے خبر پر تبصرے کے مطالبے  پر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ واقعے سے متعلقہ خبروں  کی تفتیش کر رہی ہے۔

رام اللہ میں  فلسطین وزارتِ صحت نے جاری کردہ   ایک بیان میں کہا ہے کہ "تمّون میں قابض فوج کی فائرنگ کے بعد ایک ہی خاندان کے چار شہداء تبّاس کے ترکیہ پبلک ہسپتال پہنچادیئے گئے ہیں۔"

وزارت نے کہا  ہے کہ ہسپتال کو 37 سالہ مرد، 35 سالہ عورت اور پانچ اور سات سال کے دو لڑکوں کی لاشیں موصول ہوئی ہیں اور ان سب کے جسم پر گولیوں کے زخم ہیں۔

فلسطین خبر رساں ایجنسی WAFA نے کہا ہے کہ اس جوڑے کے آٹھ اور گیارہ سال کے  دیگر 2 بچے اسرائیل فوج کی فائر کی گئی گولیوں کے چھّرے لگنے سے زخمی ہو گئے ہیں۔  

فلسطینی حکام اور اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ  حالیہ دنوں میں مقبوضہ  مغربی کنارے میں مہلک حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ یہ حملے  زیادہ تر غیرقانونی اسرائیلی آباد کاروں کی طرف سے کیے گئے ہیں اورحملوں میں  مارچ کے آغاز سے تا حال  کم از کم پانچ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیل کی فوج نے نومبر میں بشمول توباس مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقوں میں فلسطینی گروپوں کے خلاف ایک کارروائی شروع کی تھی۔

واضح رہے کہ 1967 سے اسرائیل کے زیرِ قبضہ مغربی کنارے میں تشدد  اکتوبر 2023 میں غزّہ جنگ کے ساتھہی شروع ہو گیا تھا۔ یہ تشدد 10 اکتوبر 2025 کے بعد سے نافذ ہونے والے جنگ بندی کے باوجود جاری ہے۔

فلسطین وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کی بنیاد پر اے ایف پی کے ایک حساب کے مطابق، غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج یا غیرقانونی آباد کاروں نے کم از کم 1,045 فلسطینیوں کو قتل  کر دیا ہے۔