کولمبیا نے یہودی فرقے کو ملک بدر کر دیا

نابالغ بچوں کے ساتھ زیادتی کی وجہ سے متعصب آرتھوڈوکس یہودی فرقے 'لیو تاہور' کے 9 افراد کو ملک بدر کر دیا گیا

By
فرقے کے ارکان کو میڈیلین کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گزار کر نیویارک جانے والی پرواز پر سوار کرایا گیا۔ / Reuters

کولمبیا نے پیر کے روز انتہائی قدامت پسند یہودی فرقے لیو تاہور کے نو ارکان کو ملک بدر کر دیا ہے۔

کولمبیا  کے حکام نے کہا ہے کہ یہودی گروہ کی جانب سے بدسلوکی کے شکار 17 نابالغ بچوں کو بچائے جانے سے چند روز بعد متعصب آرتھوڈوکس یہودی فرقے 'لیو تاہور' کے 9 افراد کو ملک بدر کر دیا گیا ہے ۔

کولمبیا  ایجنسی برائےامورِ مہاجرت کے مطابق  مذکورہ فرقے کے ،مخصوص لمبے سیاہ لباس میں ملبوس ،افراد کو میڈیلن  بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گزار کر امریکی حکام کے حوالے کرنے کی خاطر نیویارک کے لیے روانہ ہونے والی پرواز پر سوار کر دیا گیا ہے۔

حکام نے مزید کہا ہے کہ بچائے گئے اور امریکہ اور گوئٹےمالا سمیت مختلف ممالک سے  آئے ہوئے بعض بچوں کو بھی تحفظِ اطفال کے امریکی اداروں کے حوالے کرنے کے لئے  اسی پرواز پر سوار کیا گیا ہے۔

فرقہ، کئی برسوں سے زیرِ تفتیش ہے

'خالص دل' کے مفہوم کا حامل' لیو تاہور'  نامی یہ فرقہ،  میکسیکو، کینیڈا، گوئٹےمالا اور اب کولمبیا سمیت کئی ممالک میں برسوں سے تفتیش کی زد میں ہے ۔   فرقے  پر جبری حمل، بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور جنسی زیادتی  سمیت  مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

یہ گروہ 1980 کی دہائی میں قائم ہوا تھا اور خیال کیا جاتا ہے کہ اس میں شمالی امریکہ اور وسطی امریکہ کے لگ بھگ 50 خاندان شامل ہیں۔ انٹرپول نے اس کے کئی رہنماؤں کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

دسمبر 2024 میں، گوئٹےمالا کے حکام نے، لیو تاہور کے زیرِ قبضہ، ایک  فارم سے 160 نابالغوں کو بچایا تھا ۔حکام نے یہ آپریشن فارم میں  وسیع پیمانے پر جنسی اور جسمانی بدسلوکی کے دعووں پر کیا تھا۔