چین: بیجنگ اور اسلامی ممالک کو سیکورٹی شراکت داری قائم کرنی چاہیے
بیجنگ اور اسلامی ممالک کو علاقائی مسائل کو حل کرنے کے لئے سیکورٹی شراکت داری قائم کرنی چاہیے: وزیرِ خارجہ وانگ یی
چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ بیجنگ اور اسلامی ممالک کوعلاقائی مسائل کو حل کرنے کے لئے سیکورٹی شراکت داری قائم کرنی چاہیے ۔
چین وزارتِ خارجہ نے بروز سوموار جاری کردہ بیان کے مطابق وانگ نے کہا ہے کہ بیجنگ، ترقی پذیر قوموں کے'آئینی حقوق و مفادات کے تحفظ' اور دنیا کی دوبارہ 'جنگل کے قانون' کی طرف واپسی کے سدّباب کے لئے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کرکام کرنے پر تیار ہے۔
بیان کے مطابق وانگ نےیہ بیان بیجنگ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ سے ملاقات کے دوران جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہےکہ بیجنگ نے ہمیشہ اسلامی ممالک اور او آئی سی کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹجک اہمیت دی ہے اور ہم تائیوان کے معاملے میں تنظیم کے مضبوط تعاون کی قدر کرتے ہیں۔
وزیرِ خارجہ وانگ یی نے او آئی سی کے سربراہ حسین ابراہیم طحہ سے کہا ہے کہ "دونوں فریقوں کو علاقائی مسائل کے سیاسی حل کے لیے سیکورٹی شراکت داری قائم کرنی چاہیے، طاقت کی سیاست اور دھونس کی مخالفت کرنی چاہیے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام برقرار رکھنا چاہیے"۔
وانگ نے اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون اور ترقیاتی حکمتِ عملیوں میں ہم آہنگی پر زور دیا اور کہا ہےکہ بیجنگ اور اسلامی ممالک کو مضبوط مکالمے، انتظامی تبادلوں اور کچھ تہذیبوں کی بالادستی کے نظریئے کے ساتھ مشترکہ مقابلے کے لئے 'تمدنی شراکت داری' قائم کرنا چاہیئے۔