امرکی و ڈینش حکام گرین لینڈ پر مذاکرات کریں گے: میڈیا رپورٹ
یہ ملاقات بدھ کو متوقع ہے، اور یہ گزشتہ ہفتے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے بیانات کے بعد ہو رہی ہے جنہوں نے خفیہ بریفنگ میں کانگریس کو بتایا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ڈینش علاقے کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں
امریکی اور ڈینش حکام اس ہفتے گرین لینڈ کے بارے میں بات چیت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس نے اتوار کو سفارتی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ واشنگٹن ڈنمارک سے اس اسٹریٹیجک آرکٹک علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔
امریکی نشریاتی ادارے CBS News کے مطابق یہ ملاقات بدھ کو متوقع ہے، اور یہ گزشتہ ہفتے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے بیانات کے بعد ہو رہی ہے جنہوں نے خفیہ بریفنگ میں کانگریس کو بتایا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ڈینش علاقے کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
منگل کو وائٹ ہاؤس نے کہا کہ حکام گرین لینڈ حاصل کرنے کے لیے متبادل آپشنز کے ایک وسیع دائرے پر غور کر رہے ہیں، جن میں ممکنہ طور پر فوجی طاقت کا استعمال بھی شامل ہے۔
سینیٹر ٹم کین، جو گزشتہ ہفتے ڈینش حکام سے ملے تھے انہوں نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ دونوں ممالک کے قانون ساز کسی بھی فوجی مداخلت کے خلاف متحد ہو جائیں گے جو گرین لینڈ پر قبضے کی کوشش کرے۔
ڈیموکریٹ رکن نے مزید کہا کہ یا تو ہم اتحادی ملک ڈنمارک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے اور ہم انہیں مخالف یا دشمن کے طور پر نہیں دیکھیں گے۔”
3 جنوری کو ایک فوجی آپریشن کے بعد جس میں امریکی افواج نے وینیزویلا کے صدر نیکولس مادورو کو اغوا کیا، ٹرمپ انتظامیہ نے 'گرین لینڈ حاصل کرنے' کے بارے میں سخت بیانات دیئےاور دلیل دی کہ یہ قومی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔
جمعہ کو گرین لینڈ کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے امریکہ کا حصہ بننے کی مخالفت دہرائی اور کہا کہ ہم نہ امریکی اور نہ ہی ڈینش بننا چاہتے ہم صرف گرین لینڈرز بننا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم گرین لینڈ کے بارے میں کچھ کریں گے، چاہے انہیں پسند آئے یا نہ آئے، کیونکہ اگر ہم نے ایسا نہ کیا تو روس یا چین گرین لینڈ پر قبضہ کر لیں گے اور ہم روس یا چین کو پڑوسی کے طور پر قبول نہیں کریں گے۔”
ٹرمپ کے تبصروں کی وسیع سطح پر مذمت کی گئی ہے، خاص طور پر یورپی ممالک نے خبردار کیا ہے کہ ایسا اقدام نیٹو کے خاتمے کا سبب بن سکتا ہے۔