اسرائیل نے غزہ میں ایک بچّی سمیت 6 فلسطینیوں کو قتل کر دیا

اسرائیل نے خان یونس پر حملہ کر کے 3 پولیس اہلکاروں اور ایک کم سن لڑکی سمیت تین شہریوں کو قتل اور چار کو زخمی کر دیا ہے: طبّی ذرائع

By
اسرائیل نے جنگ بندی کے بعد سے کم از کم 691 فلسطینیوں کو ہلاک اور 1,876 دیگر افراد کو زخمی کیا۔ / Reuters

اسرائیل نے جنوبی غزہ میں پولیس تھانوں کو ہدف بنا کر کئے گئے فضائی حملوں میں ایک بچّی سمیت 6 فلسطینیوں کو قتل اور متعدد  کو زخمی کر دیا ہے۔

طبی عملے کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں دو پولیس چوکیوں پر حملہ کر کے 3 پولیس اہلکاروں اور ایک کم سن لڑکی سمیت تین شہریوں کو قتل  اور چار کو زخمی کر دیا ہے۔

اس سے قبل ہفتے کے روز بھی  غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں دو بھائیوں سمیت تین فلسطینی شہید اور چار فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔

فلسطین وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، اسرائیلی فوج ، 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کی روزانہ خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ اوران خلاف ورزیوں  کے دوران  18 مارچ تک 691 افراد کو قتل  اور 1,876 کو زخمی کر چُکی  ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے اکتوبر 2023 سے غزہ میں  نسل کشی  جنگ شروع کی اور   جنگ کے دوران 72,000 سے زیادہ فلسطینیوں کو قتل  اور  تقریباً 172,000 کو زخمی کیا۔ علاوہ ازیں جنگ کے دوران  محصور غزّہ کے شہری انفراسٹرکچر کا تقریباً 90 فیصد تباہ کر دیا۔