یورپ بھر میں فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرے

متعدد یورپی شہروں میں مظاہرین نے فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی حملوں پر پابندی کے مطالبے کے ساتھ احتجاجی مظاہرے کئے

By
سویڈن کے اسٹاک ہوم میں مظاہرین اسرائیل کے غزہ، لبنان اور ایران پر حملوں کے خلاف احتجاج کے لیے جمع ہوئے۔ / AA

یورپ بھر میں بھاری شرکت کے ساتھ فلسطین کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔

فلسطین اتحاد مہم PSC نے ایکس سے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ " لندن میں نصف ملین سے زائد افراد، فلسطین کے حق میں اور دائیں بازو کی انتہا پسندانہ قوتوں کے خلاف، مارچ کرنے کے لیے جمع ہوئے"۔

جوہری تخفیفِ اسلحہ مہم CND اور'جنگ بند کرو اتحاد' سمیت کئی گروپوں کی شرکت سے منعقدہ مظاہرے میں  مظاہرین نے لبنان پر اسرائیلی حملوں اور ایران کے خلاف امریکہ۔اسرائیل جنگ کی بھی مذّمت کی۔

مظاہرین نے "فلسطین کے لیے آزادی"، "ایران پر بمباری بند کرو" اور "اسرائیل کو ہتھیار دینا بند کرو" کی تحریروں والے بینر اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے  اسلاموفوبیا کے خلاف بھی نعرے لگائے۔

فرانس کے متعدد علاقوں میں بھی تقریباً 90 تنظیموں کی اپیل پر ریلیاں منعقد ہوئیں۔

ایسوسی ایشن فرانس فلسطین اتحاد نے ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا  کہ" ہم، فلسطینی عوام کے حقِّ خود ارادیت اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حقِ واپسی، قبضے، نوآبادیات اور نسل پرستی کے خاتمے، اسرائیل کے خلاف پابندیوں، مستقل جنگ بندی اور نسل کشی کے خاتمہ کے لئے فرانس کے ہر خطے میں مظاہرے کر رہے ہیں ۔

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں بھی مظاہرین کا ایک گروہ جمع ہوا جس نے آزاد فلسطین کا مطالبہ کیا اور اسرائیلی نسل کشی کے خاتمے پر زور دیا۔

ویانا میں'فلسطین کے ساتھ اتحاد پلٹ فورم'نے، ایران پر امریکہ۔اسرائیل حملوں کے دوران "صہیونی اور امریکی جارحیت روکنے" کے لیے مظاہرے کا مطالبہ کیا۔

نیدر لینڈز کے شہر ہیگ میں بھی چند سو افراد ایران میں جنگ کے خلاف جمع ہوئے۔

روزنامہ ایل ایل ٹائمز کی خبر کے مطابق 'نیو پیس موومنٹ' کے زیرِ انتظام منعقدہ  مظاہرے میں کہا گیا ہے کہ نیدر لینڈز  حکومت کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرے اور حملوں کے فوری خاتمے کے لئے اسرائیل اور امریکہ پر دباؤ ڈالے ۔