بلغاریہ: 5 سال میں 8 ویں عام انتخابات،رائے دہندگان تذبذب کا شکار

سابق صدر رومن رادف، جس نظام کو وہ “اولیگارشک طرزِ حکمرانی” قرار دیتے ہیں اسے ختم کرنے کے وعدے کے ساتھ مقابلے کے سرکردہ امیدوار کے طور پر ابھر رہے ہیں

By
صوفیہ- بلغاریہ 2026 / Reuters

بلغاریہ کے شہری ملک کے پانچ سالوں میں آٹھویں انتخابات میں اتوار کے روز ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں۔

 سابق صدر رومن رادف، جس نظام کو وہ “اولیگارشک طرزِ حکمرانی” قرار دیتے ہیں اسے ختم کرنے کے وعدے کے ساتھ مقابلے کے سرکردہ امیدوار کے طور پر ابھر رہے ہیں۔

یورپی یونین کے غریب ترین رکن کو 2021 سے جاری سیاسی عدم استحکام کا سامنا ہے۔ اسی سال بڑے پیمانے پر بدعنوانی مخالف مظاہروں نے طویل عرصے تک اقتدار میں رہنے والے رہنما بوئکو بوریسوف کی قدامت پسند حکومت کو گرا دیا تھا اور کمزور اتحادوں اور قبل از وقت انتخابات پر مشتمل ایک طویل سلسلے کو جنم دیا تھا۔

جنوری میں نو سالہ مدتِ صدارت مکمل کرنے کے بعد عہدہ چھوڑنے والے رادف اب نئے قائم ہونے والے مرکزِ بائیں بازو کے “پروگریسیو بلغاریہ” بلاک کی قیادت کر رہے ہیں۔ انتخابات سے قبل سروے ظاہر کرتے تھے کہ ان کے اتحاد کو تقریباً 35 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔

فضائیہ کے سابق جنرل رادف نے خود کو سیاسی تبدیلی کی علامت کے طور پر پیش کیا ہے۔ انہوں نے 2025 کے آخر میں حکومت کا تختہ الٹنے والے بدعنوانی مخالف مظاہروں کی حمایت کی۔

صوفیہ میں ووٹ ڈالنے کے بعد اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے 57 سالہ ووٹر دیچو کوسٹادینوف نے کہا: “میں تبدیلی کے لیے ووٹ دے رہا ہوں۔ بدعنوان سیاستدانوں کو جانا چاہیے — انہوں نے جو چوری کیا ہے وہ لے کر بلغاریہ چھوڑ دینا چاہیے۔”

ووٹنگ مراکز مقامی وقت کے مطابق صبح 07:00 بجے کھل گئے۔ دارالحکومت کے بعض علاقوں میں ووٹرز نے سورج نکلنے سے پہلے ہی قطاریں بنا لیں۔

ایگزٹ پولز کے ووٹنگ کے فوراً بعد جاری ہونے کی توقع ہے، جبکہ حتمی نتائج پیر سے پہلے آنے کا امکان نہیں۔

بوریسوف کی یورپ نواز GERB پارٹی کے تقریباً 20 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آنے اور لبرل PP-DB اتحاد سے آگے رہنے کی توقع ہے۔

صوفیہ میں رہنے والی اور اپنا خاندانی نام ظاہر نہ کرنے والی اکاؤنٹنٹ ایلینا نے کہا: “میں ان چیزوں کے تحفظ کے لیے ووٹ دے رہی ہوں جو ہمارے پاس ہیں۔ ہم ایک جمہوری ملک ہیں، ہم اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔”

 تقریباً ایک دہائی تک بلغاریہ کی سیاست میں غالب شخصیت رہنے والے بوریسوف نے رادف کے حقیقی تبدیلی کی نمائندگی کرنے کے دعووں کو مسترد کیا۔

انہوں نے کہا کہ GERB نے اس سال بلغاریہ کے یورو زون میں شمولیت جیسی اہم قومی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

رادف کی انتخابی مہم نے خارجہ پالیسی کے معاملات پر بھی بحث کو جنم دیا۔

روس کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی حمایت کرنے والے رادف نے یوکرین کو فوجی امداد دینے کی مخالفت کی اور بلغاریہ کے کیئف کے ساتھ 10 سالہ دفاعی معاہدے پر تنقید کی۔ ان کے حریفوں نے انہیں ماسکو کے بہت قریب ہونے کا الزام دیا۔

اگرچہ انہوں نے کہا کہ وہ یورپی یونین کے یوکرین سے متعلق فیصلوں کو نہیں روکیں گے، تاہم وہ برسلز کی گرین انرجی پالیسیوں پر اکثر تنقید کرتے رہے اور مغرب کی روس پالیسی پر سوال اٹھاتے رہے۔

انتخابات سے قبل اپنی آخری ریلی میں رادف نے ان رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں کی ویڈیوز دکھائیں جن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بھی شامل تھے، جس پر سوشل میڈیا میں ردعمل سامنے آیا۔

تقریباً 10 ہزار حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے رادف نے کہا، “ہمیں متحد ہونا چاہیے” اور دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت ایک کرپٹ سیاسی کارٹل سے علیحدگی کی نمائندگی کرتی ہے۔

سیاست پر عوامی اعتماد بدستور کم ہے۔ 2024 کے آخری انتخابات میں ٹرن آؤٹ 39 فیصد تک گر گیا تھا۔

اس کے باوجود تجزیہ کار توقع کرتے ہیں کہ رادف کی مہم مایوس ووٹروں کو متحرک کرے گی اور اس بار شرکت میں اضافہ ہوگا۔

ٹیکسی ڈرائیور میگلیینا بویادجییوا نے کہا کہ وہ ہمیشہ ووٹ دیتی ہیں لیکن وہ شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

مسئلہ یہ ہے کہ ووٹ دینے کے لیے کوئی نہیں ہے۔ آپ کسی ایک کو ووٹ دیتے ہیں لیکن پھر دوسرے آ جاتے ہیں۔ نظام بدلنا چاہیے۔”

حکام نے انتخابات سے قبل ووٹ خریدنے کو روکنے کے لیے بھی اقدامات سخت کر دیے۔ پولیس نے 10 لاکھ یورو سے زائد نقدی ضبط کی اور مقامی کونسلروں اور میئرز سمیت سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا۔