بھارتی سیکیورٹی فورسسز نے متعدد ماو باغیوں کو مار ڈالا
ہندوستان کے مرکزی اور مشرقی علاقوں میں انتہائی بائیں بازو کے یہ باغی دہائیوں سے حکومت کے خلاف گوریلا جنگ لڑ رہے ہیں
پولیس رپورٹ کے مطابق ہندوستانی سیکورٹی فورسز نے چھتیس گڑھ کی مرکزی ریاست میں ایک جھڑپ کے دوران کم از کم 16 ماؤ نواز باغیوں کو ہلاک کر دیا۔
واضح رہے کہ خاص طور پر ہندوستان کے مرکزی اور مشرقی علاقوں میں انتہائی بائیں بازو کے یہ باغی دہائیوں سے حکومت کے خلاف گوریلا جنگ لڑ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں دونوں طرف شدید جھڑپیں اور جانی نقصان ہوا ہے۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کے واقعے میں، سیکورٹی فورسز نے جنوبی چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں تلاشی کے دوران مختلف قسم کے ہتھیار برآمد کیے ۔
باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ غریب ہندوستانی کسانوں اور بے زمین محنت کشوں کو کاشت کاری کے لیے زمینیں دینے اور بڑی کان کنی کمپنیوں کے ذریعے نکالی جانے والی معدنیات پر زیادہ حق دلانے کے لیے لڑ رہے ہیں۔
ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے اس بغاوت کو ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے، اور وزیر اعظم نریندر مودی کے گزشتہ سال تیسری مدت کے لیے اقتدار میں آنے کے بعد سے سیکورٹی فورسز اور ماؤ نوازوں کے درمیان جھڑپیں مزید شدت اختیار کر گئی ہیں۔