امریکہ اور چین، فوجی رابطوں کے قیام پر متفق ہو گئے ہیں: ہیگسیتھ

ہم نے، مسائل میں کمی اور کشیدگی کے خاتمے  کے لئے، فوجی سطح پر رابطے قائم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے جلد ہی مزید ملاقاتیں ہوں گی: وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ

US, China agree on need to set up military-to-military channels

امریکہ کے وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے ہفتے کے روز جاری کردہ بیان میں  کہا ہے  کہ ہم نے  اپنے چینی ہم منصب ڈونگ جن کے ساتھ فوجی سطح پر رابطے قائم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کر لیا ہے۔

ہیگستھ نے 'ایکس' سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ایڈمرل ڈونگ اور میں نے ،مسائل میں کمی اور کشیدگی کے خاتمے  کے لئے فوجی سطح پر رابطے قائم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے جلد ہی مزید ملاقاتیں ہوں گی۔"

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا  ہےکہ امن، استحکام اور اچھے تعلقات دونوں ممالک کے لیے "بہترین راستہ" ہیں۔

ہیگستھ نے مزید کہا ہے کہ "جیسا کہ صدر ٹرمپ نے بھی  کہا ہے کہ ان کے تاریخی 'جی 2 اجلاس' نے امریکہ اور چین کے لیے دائمی امن اور کامیابی کا راستہ ہموار کیا ہے۔ امریکہ وزارتِ دفاع بھی  یہی کرے گی یعنی  طاقت کے ذریعے امن، باہمی احترام اور مثبت تعلقات۔"

ڈونگ اور ہیگستھ نے جمعہ کے روز ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم 'آسیان' کے وزرائے دفاع اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جمعرات کو جنوبی کوریا کے بندرگاہی شہر بوسان میں چین کےصدر شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔ ٹرمپ نے اس ملاقات کو "جی 2" یا "دو کے گروپ"  کا نام دیا ہے۔