تھائی لینڈ میں ٹرین پر کرین گرنے سے حادثہ، کم از کم 22 افراد لقمہ اجل

کارخانوں اور تعمیراتی علاقوں میں طویل عرصے سے تھائی لینڈ میں ایسے حادثات ہوتے رہتے ہیں، حفاظتی ضوابط کا فقدان اور کم نگرانی اکثر اموات کا سبب بنتی ہے۔

By
ٹرین میں تقریباً 195 افراد سوار تھے اور حکام ہلاک شدگان کی شناخت کرنے میں مصروف ہیں۔ یہ بات وزیر ٹرانسپورٹ فیفات راچاکٹپراکارن نے کہی ہے۔ / AFP

تھائی لینڈ میں بدھ کے روز ایک ہائی اسپیڈ ریلوے  لائن پر  ایک کرین مسافر ٹرین پر گر گئی، جس کے نتیجے میں وہ پٹری سے اتر گئی اور مقامی حکام کے مطابق کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے۔

نخون راچا سیما صوبے کے مقامی پولیس چیف نے بتایا ہے کہ ، "اس حادثے میں 22 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔"

یہ واقعہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح 9:00 بجےپیش آیا جب دارالحکومت بنکاک کے شمال مشرق میں واقع  نخون راچا سیما میں،  ہائی اسپیڈ  ریلوے لائن  کی تعمیر کے لیے استعمال ہونے والی ایک کرین مسافر ٹرین پر گر گئی۔

مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی لائیو فوٹیج میں ریسکیو کارکنان کو حادثے کی جگہ کی طرف دوڑتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ ٹرین ایک طرف لیٹی ہوئی تھی اور  اس  سے دھواں اٹھ رہا تھا۔

نخون راچا سیما صوبائی محکمے کا کہنا ہے کہ یہ ٹرین بنکاک سے اوبن راچا تھانی صوبے کی طرف جا رہی تھی۔

 ٹرین میں کل 195 افراد سوار تھے اور حکام ہلاک شدگان کی شناخت کے عمل میں تیزی لا ئی جا رہی ہے۔

یہ کرین ، چین کی معاونت میں جاری تھائی لینڈ میں ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک کی تعمیر  سے متعلقہ 5.4 بلین ڈالر کے منصوبے   میں استعمال ہو رہی تھی ۔ اس منصوبے کا ہدف چین کے وسیع 'بیلٹ اینڈ روڈ' انفراسٹرکچر اقدام کے تحت 2028 تک بنکاک کو براستہ  لاؤس چین کے علاقے  کُنمنگ سے جوڑنا ہے۔