غزہ جنگ بندی معاہدے کا دوسرا مرحلہ نئے سال کے اوائل میں شروع ہو سکتا ہے
واشنگٹن نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کا آغاز نئے سال کے اوائل میں متوقع ہے: اسرائیلی ذرائع ابلاغ
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق واشنگٹن نے،اسرائیل اور علاقائی ثالثوں سے، کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کا آغاز نئے سال کے اوائل میں متوقع ہے۔
بدھ کو اسرائیل کے چینل 13 نے نام کو پوشیدہ رکھتے ہوئے ایک سینئر اسرائیلی شخصیت کے حوالے سے کہا ہے کہ"امریکہ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے اسرائیل اور ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ غزہ معاہدے کا دوسرا مرحلہ جنوری کے اوائل میں شروع ہوگا"۔
مڈل ایسٹ مانیٹر کے مطابق چینل 13 نے مزید کہا ہےکہ اسرائیلی حکام اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ کو غیر مسلح کئے بغیر اگلا مرحلہ شروع کرواسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین تحریکِ مزاحمت 'حماس 'نے 9 اکتوبر کو مصر، قطر اور ترکیہ کے زیرِ ثالثی اور ٹرمپ کے زیرِ سرپرستی دو مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم غزہوزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اور دوسرے مرحلے کی طرف منتقلی میں تاخیر کی وجہ سے جنگ بندی کے نفاذ سے تاحال 400 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل، اکتوبر 2023 سے غزہ پر مسلّط کردہ نسل کشی جنگ میں، زیادہ تر عورتوں اور بچوں پر مشتمل، 71,000 سے زائدفلسطینیوں کو قتل اور 171,000 سے زائد کو زخمی کر چُکا ہے۔