اسرائیل: ہم نے، بیروت کے جنوبی مضافات پر، نئے فضائی حملے کئے ہیں

ہم نے،ہزاروں رہائشیوں کو علاقے سے نکل جانے کی وارننگ دینے کے بعد، بیروت کے جنوبی مضافات پر نئے فضائی حملے کئے ہیں: اسرائیلی فوج

By
فوج نے بیروت کے جنوبی مضافات کے رہائشیوں کو فوری طور پر اپنے گھروں کو خالی کرنے کا حکم دیا۔ / AFP

اسرائیلی فوج نے کہا ہےکہ اس نے،ہزاروں رہائشیوں کو علاقے سے نکل جانے کی وارننگ دینے کے بعد ،  بیروت کے جنوبی مضافات پر نئے فضائی حملے کئے ہیں ۔

لبنان قومی خبر ایجنسی 'این این اے' کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے اب تک کم از کم پانچ فضائی حملے کر چُکے  ہیں، حملوں میں  الجاموس اور الساہل ہسپتال کے قریبی علاقے حارة حریک کو ہدف بنایا گیا ہے۔

کل بروز جمعرات اسرائیلی فوج نے بیروت کے جنوبی مضافات پر نئے فضائی حملوں سے قبل علاقے کے رہائشیوں کو فوراً اپنے گھروں سے نکل جانے کا حکم دیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائی ادریعی نے خاص طور پر برج البراجنة اور حدت کے  رہائشیوں کو  بیروت۔دمشق شاہراہ  کے راستے  مشرق کی طرف جبل لبنان کی جانب نکل جانے کا حکم دیا۔

حارة حریک اور شیہ کے رہائشیوں کو حکم دیا گیا  کہ وہ بیروت۔طرابلس ہائی وے کے ذریعے شمال کی جانب طرابلس کی طرف منتقل ہو جائیں یا متن ایکسپریس وے کے ذریعے مشرق کی طرف جبل لبنان کی طرف  چلےجائیں۔

تنازعے میں شدت

اسرائیلی فوج نے پیر سے لبنان بھر میں متعدد فضائی حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں 120 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 700 زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ حملے حزب اللہ کے سرحد پار حملوں کے بعد کیے گئے ہیں۔

یہ کشیدگی ایران پر اسرائیلی۔امریکی حملوں کے بعد شدّت اختیار کر گئی ہے۔ ایران پر حملوں  میں ہفتے کے دن  سے تا حال  900 سے زائد افراد ہلاک ہو چُکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایران کے دینی لیڈر علی خامنہ ای اور اعلیٰ فوجی حکام بھی شامل ہیں۔

ایران نے جوابی کارروائی میں ڈرون اور میزائل حملے کئے۔ حملوں میں  اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکی فوجی اثاثوں والے  خلیجی ممالک  کوبھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسرائیل نے نومبر 2024 میں لبنان کے ساتھ طے شدہ جنگ بندی معاہدے کی بار بار خلاف ورزی کی ہے اور تقریبًا روزانہ کے حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں لبنان کے خلاف  کارروائی شروع کی اور ستمبر 2024 میں اسے مکمل پیمانے کی جنگ میں تبدیل کر دیا۔ جنگ  میں 4,000 سے زائد افراد ہلاک اور تقریباً 17,000 زخمی ہوچکے ہیں۔