ترکیہ: اردوعان۔ہیثم ملاقات
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان کی عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات۔ صنعت، دفاع اور مواصلات کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی تقویت پر اتفاق
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان نے جمعرات کو مسقط میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات کی۔ سربراہان کا مذاکراتی ایجنڈا صنعت، دفاع اور مواصلات کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی مضبوطی پر مبنی تھا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور مسئلہ فلسطین پر یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔ مذکورہ دورہ کویت اور قطر کے بعد صدر اردوعان کے تین خلیجی ممالک کے دورے کا آخری مرحلہ تھا۔
ترک سفارتی ذرائع کے مطابق یہ بند کمرے کی سربراہی ملاقات آج بروز جمعرات عمان کے دارالحکومت مسقط میں واقع القصر العلم میں طے پائی۔
ترکیہ صدارتی محکمہ اطلاعات کےجاری کردہ بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "ملاقات میں صدر اردوعان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور عمان کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی کو مزید مضبوط کیا ہے۔"
بیان کے مطابق "صدر اردوان نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ عمان کے ساتھ تعاون کو صنعت اور معیشت سے لے کر دفاع اور مواصلات تک کے کئی شعبوں میں بڑھایا جائے گا۔"
صدر اردوعان نے کہا ہے کہ ترکیہ اور عمان خاص طور پر مسئلہ فلسطین سمیت کئی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے عمان کی خطے میں ثالثی اور مکالمے پر مبنی کوششوں کو سراہا اور مزید کہا ہے کہ غزہ میں دو ریاستی حل کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔"
ترکیہ محکمہ اطلاعات کے مطابق، ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کل 16 نئے دستاویزات کی منظوری دی گئی ہے۔