سوڈان مسلح افواج: 'آر ایس ایف' کے ڈرون حملے پسپا کر دیئے گئے ہیں
شمالی سوڈان میں ایک ہوائی اڈے اور ایک ڈیم سمیت متعدد اسٹریٹجک مقامات پر 'آر ایس ایف' کے ڈرون حملے پسپا کر دیئے گئے ہیں: سوڈان مسلح افواج
سوڈان مسلح افواج نے کہا ہے کہ اس نے شمالی سوڈان میں ایک ہوائی اڈے اور ایک ڈیم سمیت متعدد اسٹریٹجک مقامات پر 'آر ایس ایف' کے ڈرون حملے پسپا کر دیئے ہیں۔
سوڈان مسلح افواج کی 19ویں انفنٹری ڈویژن نے آج بروز جمعرات جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ برّی فوج نے آج صبح کے وقت آر ایس ایف کے متعدد خودکش ڈرونوں کو روک دیا ہے۔ان خود کُش ڈرونوں کا ہدف شمالی صوبے میں واقع میرو ڈویژن ہیڈ کوارٹر، میرو ہوائی اڈہ اور میرو ڈیم تھا۔
عینی شاہدوں کی سوڈان نیوز کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق ہوائی اڈے اور ڈیم کے ارد گرد زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔ تاہم حملے سے پہنچنے والے نقصان کے درجے سے متعلق تاحال کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
فوج کے بیان پر آر ایس ایف کی طرف سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
میروکا شمار شمالی سوڈان کے اہم اسٹریٹجک علاقوں میں ہوتا ہے ۔یہاں واقع ہوائی اڈہ فوجی اور شہری ہر دو مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ علاقے میں واقع میرو ڈیم ملک میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے ترین منصوبوں میں سے ایک ہے۔
الرکوبہ نیوز کی مقامی ذرائع کے حوالے سے شائع کردہ خبر کے مطابق حملے میں صوبائی دارالحکومت ڈونگولا اور الدبہ شہر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آر ایس ایف کے، شمالی ریاست دارفور کے دارالحکومت، الفاشر پر قبضے کے بعد سوڈان مسلّح افواج اور نیم فوجی گروپ 'آر ایس ایف' کے درمیان لڑائی نئے محاذوں پر پھیل گئی ہے۔ خاص طور پر وسطی اور جنوبی کوردوفان میں جنگ شدّت اختیار کر گئی ہے۔
اس وقت سوڈان کی 18 ریاستوں میں سے دارفور کی پانچ ریاستیں ، آر ایس ایف کے قبضے میں ہیں۔ شمالی دارفور کے چند ایک شمالی حصے فوجی کنٹرول میں ہیں۔ سوڈانی فوج اب بھی باقی 13 ریاستوں میں سے زیادہ تر میں سرگرم ہے۔ یہ علاقے ملک کے جنوبی ، شمالی ، مشرقی اور وسطی حصوں اور دارالحکومت خرطوم پر مشتمل ہیں۔ سوڈان مسّلح افواج اور آر ایس ایف کے درمیان اپریل 2023 میں شروع ہونے والی خونریز جھڑپوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچُکے ہیں۔