واشنگٹن کے ساتھ ایس ایم آر تعاون انقرہ کے لیے ایک اہم موقع پیش کرتا ہے
ترکیہ اور امریکہ نے گزشتہ ستمبر میں، جب ترک صدر رجب طیب ایردواان وائٹ ہاؤس کے دورے پر تھے، انقرہ کے جوہری توانائی کے تعاون کو گہرا کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے
نیوکلیئر انرجی انسٹی کی سربراہ کے مطابق، چھوٹے ماڈیولر ری ایکٹرز (SMRs) ترکی اور امریکہ کے درمیان جوہری تعاون کے لیے ایک امید افزا راستہ فراہم کر سکتے ہیں، جو انقرہ کو عالمی سمال ماڈیولز ری ایکٹر سپلائی چین میں نمایاں مقام حاصل کرنے کا موقع دیتے ہیں۔
ماریا کورس نک نے واشنگٹن میں اسٹیٹ آف دی انرجی انڈسٹری فورم کے سلسلے میں انادولو ایجنسی کو بتایاکہ" SMRs ہمارے لیے شراکت داری کا ایک بہترین شعبہ ہیں۔ امریکہ عالمی جوہری شعبے میں بہت متحرک رہے گا، اگر ترکیہ اور امریکہ SMR پر مل کر کام کر سکیں تو میرے خیال میں یہ آپ کے لیے SMR سپلائی چین میں شامل ہونے کا ایک بہترین موقع ہوگا۔"
اُنہوں نے مزید کہا:"جب ہم مزید SMR بنا رہے ہیں تو یہ آپ کے لیے بھی سپلائی چین میں پھلنے پھولنے کا موقع ہے۔ لہٰذا، ہم اس موقع کا خیرمقدم کرتے ہیں۔"
ترکیہ اور امریکہ نے گزشتہ ستمبر میں، جب ترک صدر رجب طیب ایردواان وائٹ ہاؤس کے دورے پر تھے، انقرہ کے جوہری توانائی کے تعاون کو گہرا کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
SMRs جدید جوہری ری ایکٹر ہیں جن کی فی یونٹ طاقت کی گنجائش 300 میگاواٹ تک ہوتی ہے، جو روایتی پلانٹ کی طاقت کا تقریباً ایک تہائی ہے۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے مطابق، انہیں فیکٹری میں اسمبل کر کے سائٹ پر منتقل کیا جا سکتا ہے، جس سے لاگت کم، لچک، کم کاربن بجلی اور بہتر حفاظتی اقدامات حاصل ہوتے ہیں۔
امریکہ کی جوہری صنعت میں چالیس سال سے کام کرنےو الی کورس نک نے اس شعبے کو غیر مسبوق دور میں داخل ہوتے ہوئے قرار دیا۔
اُن کے مطابق، جدید ٹیکنالوجیز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ اضافی اجازت نامے اس سال منظوری کے لیے متوقع ہیں، جن میں TerraPower، X-energy اور TVA کے منصوبے شامل ہیں۔
اُنہوں نے کہا: “یہ اس وقت امریکہ کی تجارتی بیڑے کے لیے ایک بہت متحرک دور ہے، اور آئندہ اس میں مزید تیزی آئے گی۔"
ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی توانائی کی مانگ
مصنوعی ذہانت کی وجہ سے ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی توانائی کی مانگ کے بارے میں پوچھے جانے پر NEI کی سربراہ نے کہا کہ امریکی ٹیکنالوجی فرمیں تیزی سے جوہری توانائی کی طرف مائل ہو رہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا"آپ کو جوہری توانائی درکار ہوگی۔ اور ایسا کیوں ہے؟ کیونکہ لوگ نہ صرف قابلِ اعتماد توانائی چاہتے ہیں بلکہ صاف توانائی بھی چاہتے ہیں، اور انہیں ابھی فوری طور پر ضرورت ہے۔"
اُنہوں نے مزید کہا: گیس اور بجلی کی دیگر شکلوں کے بارے میں مزید سودے منظر عام پر ضرور آئیں گے مگر طویل مدت میں ہم صاف ستھری توانائی چاہتے ہیں۔ لہٰذا آج وہ فوسل فیول پر منحصر ہیں، مگر وہ ایک طویل مدتی حکمتِ عملی چاہتے ہیں جس میں واضح طور پر وہ صاف اور قابلِ اعتماد توانائی اپنائیں گے۔ یہی تو جوہری توانائی ہے۔"
جب پوچھا گیا کہ کیا سستے فوسل فیول جوہری طلب کو کم کرسکتے ہیں تو کورس نک نے جواب دیا: "بالکل نہیں۔ میرا خیال ہے کہ سب کے لیے جگہ ہے۔ توانائی کی طلب اتنی بڑی ہے کہ اسے 'سب کچھ شامل' حکمتِ عملی کی ضرورت ہے، اور اس 'سب کچھ شامل' حکمتِ عملی کا حصہ جوہری توانائی ہے۔"