کراچی ساحل پر جہاز کے ٹکرانے سے ماہی گیروں کی کشتی الٹ گئی، 4 ماہی گیر لا پتہ
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے قریب منوڑہ ساحل کے پاس ایک غیر ملکی تجارتی جہاز مچھیروں کی کشتی سے جا ٹکرایا،
پولیس کے مطابق جمعہ کو پاکستان کے شہر کراچی کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز کے ماہی گیروں کی ایک کشتی سے ٹکرانے کے بعد کم از کم چار افراد لاپتہ ہو گئے۔
شہر کے پولیس سربراہ سید اسد رضا کے مطابق کشتی پر سوار دیگر سات ماہی گیروں کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے قریب منوڑہ ساحل کے پاس ایک غیر ملکی تجارتی جہاز مچھیروں کی کشتی سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی اور اس پر سوار تمام 11 ماہی گیر سمندر میں کودنے پر مجبور ہو گئے۔
بعد ازاں علاقے کی ایک دوسری کشتی نے سات ماہی گیروں کو سمندر سے نکال لیا، جبکہ لاپتہ چار افراد کی تلاش و بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام نے کہا ہے کہ اس حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔