میانمار میں زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی

ہولناک زلزلے نے 2,000 سے زائد افراد کی جان لے لی، سڑکوں کو تباہ کر دیا اور عمارتوں کو بنکاک تک زمین بوس کر دیا

Rescue members stand as they gather for a minute of silence marking a week of national mourning in Mandalay, Myanmar, Tuesday, April 1, 2025. / Photo: AP / AP

تباہ کن زلزلے کے متاثرین کی یاد میں میانمار میں  منگل کے روز ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

ہولناک زلزلے نے 2,000 سے زائد افراد کی جان لے لی، سڑکوں کو تباہ کر دیا اور عمارتوں کو بنکاک تک زمین بوس کر دیا۔

سات شدت کے زلزلے کے چار دن بعد بھی میانمار کے بہت سے لوگ کھلے آسمان تلے سونے پر مجبور ہیں، کیونکہ یا تو ان کے گھر تباہ ہو چکے ہیں یا وہ مزید جھٹکوں کے خوف سے گھروں میں واپس جانے سے قاصر ہیں۔زلزلہ آنے کے وقت پر مقامی وقت کے مطابق 12:51:02 پر سائرن بجائے گئے۔  ہلاک شدگان کی یاد میں ملک بھر میں زندگی  رک گئی ۔

17 لاکھ آبادی کا حامل ملک کا دوسرا بڑا شہر مندالے ، سب سے زیادہ تباہی کا شکار ہوا۔

شہر کے سب سے زیادہ متاثرہ مقامات میں سے ایک اسکائی ولا اپارٹمنٹ کمپلیکس کے باہرامدادی ٹیموں  نے ہاتھ باندھ کر  چل بسنے والوں کو یاد کیا۔

حکام اور حاضرین نے ایک رکاوٹ کے پیچھے کھڑے ہو کر یہ منظر دیکھا، جبکہ رشتہ دار دور کھڑے تھے۔ سائرن بج رہے تھے اور ایک بانس کے کھمبے سے بندھے ریسکیو ٹینٹ پر میانمار کا جھنڈا آدھا سرنگوں تھا۔

یہ یادگاری لمحہ حکمران  فوجی ٹولے  کی جانب سے اعلان کردہ قومی سوگ کے ہفتے کا حصہ ہے، جس کے تحت 6 اپریل تک سرکاری عمارتوں پر جھنڈے آدھے سرنگوں رہیں گے تاکہ جانوں کے نقصان اور تباہی پر ہمدردی کا اظہار کیا جا سکے۔

فوجی ٹولے نے پیر کو 2,056 افراد کی موت کی تصدیق  کی تھی، 3,900 سے زیادہ زخمی ہیں اور 270 لاپتہ ہیں۔ پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوئے۔

لیکن جیسے جیسے امدادی کارکن ان قصبوں اور دیہاتوں تک پہنچ رہے ہیں جہاں زلزلے کی وجہ سے رابطے منقطع ہو چکے ہیں، ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافے کی توقع ہے۔

1,000 سے زیادہ غیر ملکی امدادی کارکن مدد کے لیے پہنچ چکے ہیں اور میانمار کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ملک بھر میں تباہ شدہ عمارتوں سے تقریباً 650 افراد کو زندہ نکالا گیا ہے۔

سرکاری اخبار 'گلوبل نیو لائٹ آف میانمار' نے رپورٹ کیا  ہے کہ مرنے والوں میں تقریباً 500 مسلمان شامل ہیں جو جمعہ کی نماز کے دوران مساجد میں موجود تھے ۔

کھلے آسمان تلے سونا

مندالے کے سینکڑوں رہائشیوں نے چوتھی رات بھی کھلے آسمان تلے گزاری، کیونکہ ان کے گھر تباہ ہو چکے ہیں یا وہ مزید جھٹکوں کے خوف سے باہر رہنے پر مجبور ہیں۔

سونے ٹنٹ، ایک گھڑی ساز، نے اے ایف پی کو بتایا، "مجھے محفوظ محسوس نہیں ہوتا۔ میرے گھر کے ساتھ چھ یا سات منزلہ عمارتیں جھکی ہوئی ہیں اور وہ کسی بھی وقت گر سکتی ہیں۔"

کچھ کے پاس خیمے ہیں لیکن بہت سے لوگ — جن میں بچے اور شیر خوار بھی شامل ہیں — سڑکوں کے بیچ میں کمبل پر سو رہے ہیں، تاکہ تباہ شدہ عمارتوں سے جتنا ممکن ہو دور رہ سکیں۔

شہر کے ارد گرد، اپارٹمنٹ کمپلیکس زمین بوس ہو چکے ہیں، ایک بدھ مت مذہبی کمپلیکس تباہ ہو چکا ہے، اور ہوٹل ملبے میں تبدیل ہو چکے ہیں۔

ایک امتحانی ہال میں، جہاں عمارت کا ایک حصہ سینکڑوں بھکشوؤں پر گر گیا جو امتحان دے رہے تھے۔

فائر انجن اور بھاری مشینری عمارت کے ملبے کے باہر کھڑی تھیں اور ایک بھارتی امدادی ٹیم عمارت کے باقیات پر کام کر رہی تھی۔

ایک بھارتی افسر نے کہا کہ "بو بہت زیادہ ہے۔"

شہر کے مختلف مقامات پر گرمی میں گلنے والی لاشوں کی بو ناقابل برداشت تھی۔

مندالے کے مضافات میں ایک شمشان گھاٹ نے سینکڑوں لاشیں  برآمد کیں  اور مزید لاشیں ملبے سے نکالی جا رہی ہیں ۔

بین الاقوامی امدادی کوششیں

جمعہ کے زلزلے سے پہلے بھی میانمار کے 50 ملین لوگ مشکلات کا شکار تھے، کیونکہ ملک چار سالہ خانہ جنگی سے تباہ ہو چکا تھا جو 2021 میں فوج کے حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شروع ہوئی۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ زلزلے سے پہلے تنازعے کی وجہ سے کم از کم 3.5 ملین افراد بے گھر ہو چکے تھے، جن میں سے بہت سے بھوک کے خطرے سے دوچار تھے۔

فوجی ٹولے کا  کہنا ہے کہ وہ اس آفت کا جواب دینے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہی ہے، لیکن حالیہ دنوں میں ایسی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ فوج نے اپنے اقتدار کے مخالف مسلح گروہوں پر فضائی حملے کیے ہیں، حالانکہ ملک زلزلے کی تباہی سے دوچار ہے۔

میانمار کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی ایلچی جولی بشپ نے پیر کو تمام فریقین سے اپیل کی کہ وہ دشمنی بند کریں اور شہریوں کے تحفظ اور امداد کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔

زلزلے کے جواب میں،  فوجی ٹولے کے سربراہ من آنگ ہلینگ نے غیر ملکی امداد کے لیے ایک غیر معمولی اپیل کی، جو کہ عام طور پر بڑے سانحات کے بعد بیرونی مدد سے گریز کرنے والے حکمران جنرلوں کے معمول کے برعکس ہے۔

زلزلے کے بعد بین الاقوامی امدادی کوششوں میں متاثرین کی مدد کے لیے ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کی جانب سے 100 ملین ڈالر کی ہنگامی اپیل شامل ہے۔

سینکڑوں کلومیٹر دور، بنکاک کے حکام نے کہا کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے زیادہ تر ایک 30 منزلہ زیر تعمیر عمارت کے گرنے سے ہلاک ہوئے۔