جنوبی کوریا کے ایک اہم فوجی اڈے میں دھماکے،10 فوجی زخمی

وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دھماکہ شمالی سرحدی شہر پاجو کے ایک فوجی اڈے پر ہوا، جہاں ایک توپ خانے کا یونٹ براہ راست فائر نگ کے طریقہ کار کی نقل کرنے کی مشق کر رہا تھا

/ AP

سیئول میں وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گزشتہ  روز جنوبی کوریا کے ایک فوجی اڈے پر براہ راست فائرنگ کی مشق کے دوران دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 فوجی زخمی ہوگئے۔

وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دھماکہ شمالی سرحدی شہر پاجو کے ایک فوجی اڈے پر ہوا، جہاں ایک توپ خانے کا یونٹ براہ راست فائر نگ کے طریقہ کار کی نقل کرنے کی مشق کر رہا تھا ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کی سہ پہر تقریبا 3 بجکر 24 منٹ پر  توپ خانے کی آگ اور دھواں کی نقل کرنے کے لیے تیار کردہ ایک فرضی تربیتی راؤنڈ غیر متوقع طور پر پھٹ گیا۔

وزارت نے کہا کہ کم از کم 10 فوجی زخمی ہوئے ہیں ، جن میں سے دو کے بازو اور رانیں  شدید جھلس گئی  ہیں۔

بیان کے مطابق فوجی طبی عملے نے جائے وقوعہ پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ فائر اینڈ ریسکیو حکام نے چھ ایمبولینسیں بھیجی ہیں۔

دھماکے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

پاجو بیس سیول سے تقریبا 50 کلومیٹر شمال مغرب میں شمالی کوریا کی سرحد کے قریب ہے ، جہاں جنوبی کوریا کی متعدد فوجی تنصیبات موجود ہیں۔

دونوں کوریا تکنیکی طور پر  حالت جنگ میں ہیں کیونکہ 1950-1953 کا تنازعہ امن معاہدے پر نہیں بلکہ جنگ بندی پر ختم ہوا تھا۔

جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کے ساتھ طویل عرصے سے جاری کشیدگی کی وجہ سے جنوبی کوریا میں 30 سال سے کم عمر تمام مردوں کے لئے  فوجی خدمت  لازمی ہے۔