ٹرمپ: 13 اکتوبر کو تمام اسرائیلی قیدی رہا ہو جائیں گے

فلسطینی مزاحمتی گروپ 'حماس' 13 اکتوبر کو غزہ میں موجود  تمام اسرائیلی قیدیوں کو رہا کردے گا: صدر ٹرمپ

Trump earlier announced that Israel and Hamas had signed off on the first phase of a US-proposed Gaza deal. / Reuters

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس 13 اکتوبر کو غزہ میں موجود  تمام اسرائیلی قیدیوں کو رہا کردے گا ۔

ٹرمپ نے بدھ کے روز، اسرائیل اور حماس کے درمیان اعلانِ  جنگ بندی کے بعد، اسرائیلی قیدیوں کے خاندانوں سے فون پر بات کی ہے۔

یرغمالیوں کے عزیزوں نے اس معاہدے کے لئے صَرف کردہ  کوششوں پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

فون کال کے دوران ٹرمپ نے کہا ہے کہ تمام اسرائیلی قیدی پیر کے روز رہا کر دیے جائیں گے۔

سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ ایک اور بیان میں ٹرمپ نےزور دے کر کہا ہے کہ  'تمام' اسرائیلی قیدی رہا کیے جائیں گے۔تاہم  انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ان میں مرنے والے یرغمالیوں کی لاشیں بھی شامل ہوں گی یا نہیں۔

ٹرمپ نے اپنے سابقہ  اعلان  میں کہا تھا کہ اسرائیل اور حماس نے امریکہ کے تجویز کردہ غزہ معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے ہیں۔

29 ستمبر کو پہلی بار اعلان کئے گئے اس 20 نکاتی منصوبے میں تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی، جنگ بندی، حماس کو غیر مسلح کرنا، اور غزہ کی تعمیر نو شامل ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل ،اکتوبر 2023 سے جاری  حملوں میں زیادہ تر عورتوں اور بچوں پر مشتمل  تقریباً 67,200 فلسطینیوں کو قتل کر چُکا ہے ۔

اسرائیل نے انسانی قتل عام کے ساتھ ساتھ  نہایت بے شعوری سے ماحولیاتی قتل بھی کیا اور مسلسل بمباری کر کے  غزہ کو بڑی حد تک ناقابل رہائش بنا دیا ہے۔ نتیجتاًعلاقے میں وسیع پیمانے پر بھوک اور بیماریاں پھیل چکی ہیں۔