ترکیہ: ایردوان۔میکرون ملاقات

مذاکرات میں یوکرین جنگ، علاقائی بحرانوں اور ترکیہ۔فرانس تعلقات کی تقویت پر بات چیت کی گئی ہے: صدارتی محکمہ اطلاعات

By
صدر اردگان نے میکرون کو بتایا کہ ترکیہ اور فرانس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔ / AA Archive

ترکیہ  کے صدر رجب طیب اردوعان نے آج بروز بدھ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ  ٹیلیفونک ملاقات کی ہے۔

ترکیہ صدارتی محکمہ اطلاعات نے سوشل میڈیا 'این سوشل' سے موضوع سے متعلق جاری کردہ  بیان میں کہا ہے کہ مذاکرات میں روس۔یوکرین جنگ، علاقائی بحران اور دوطرفہ تعلقات کے مستقبل پر بات کی گئی ہے۔  

بیان کے مطابق ٹیلی فونک ملاقات  میکرون کی طلب پر کی گئی ہے اور اس میں  عالمی سطح پر مختلف نوعیت کی پیش رفتوں اور انقرہ۔ پیرس  باہمی تعاون کے معاملات بھی  زیرِ بحث آئے ہیں۔

ملاقات میں صدر اردوعان نے اس بات پر زور دیا  ہےکہ ترکیہ اور فرانس کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا 'ضروری' ہے۔ باہمی تعلقات میں پیش رفت  کے لیے دونوں فریقین کو  ٹھوس اقدامات جاری رکھنے چاہئیں۔

یوکرین میں جنگ کا خاتمہ

روس۔یوکرین تنازعے پر بات کرتے ہوئے صدر  اردوعان نے کہا  ہےکہ ایک منصفانہ اور دیرپا امن کے قیام کی خاطر ترکیہ 'اپنی پوری کوشش کر رہا ہے' ۔  استنبول مذاکراتی مرحلے کی بحالی کے لئے بھی انقرہ دونوں فریقین کے ساتھ گفت و شنید جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا  ہےکہ ترکیہ مذاکرات کا راستہ کھولنے کے لیے 'ہر ممکن تعاون' پر تیار ہے۔دیرپا امن  کے حصول  کے لیے سفارتی راستوں کامؤثر  استعمال کیا جانا چاہیے اور ایسی کارروائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے جو عالمی ماحول کو غیر مستحکم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔  صرف اسی شکل میں  موجودہ جنگ بندی کوششوں کی حمایت کی جا سکتی ہے۔

 دونوں رہنماؤں نے کاکیشیا، غزہ اور شام کی پیش رفتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔