ہاں میں نے مادورو کے ساتھ ملاقات کی ہے: ٹرمپ

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ میری ٹیلی فونک ملاقات ہوئی ہے لیکن نہ تو میں اس پر تبصرہ کرنا چاہتا ہوں اور نہ ہی یہ کہوں گا کہ یہ ملاقات اچھی تھی یا بُری: صدر ٹرمپ

By
ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا کہ امریکہ سمندر میں 21 فوجی حملوں کے بعد وینزویلا کے خلاف زمینی سطح پر "بہت جلد" کارروائی کرے گا۔ / REUTERS

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے  کہ انہوں نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو سے ٹیلی فونک ملاقات کی ہے۔

بروز اتوار واشنگٹن ڈی سی سے واپسی کے دوران طیارے میں اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں  انہوں نے کہا ہے کہ" ہاں ، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے ساتھ میری ٹیلی فونک ملاقات ہوئی ہے لیکن نہ تو میں اس پر تبصرہ کرنا چاہتا ہوں اور نہ ہی یہ کہوں گا کہ یہ اچھی تھی  یا بُری"۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ "ہم وینزویلا کو زیادہ دوست ملک نہیں سمجھتے۔ انہوں نے لاکھوں جرائم پیشہ اور منشیات فروش  افراد امریکہ بھیجے ہیں۔ اور ان افراد کو ہمارے ملک میں نہیں ہونا چاہیے تھا"۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا، وینزویلا فضائی حدود کے بارے میں ان کی حالیہ وارننگ، کسی متوقع فضائی حملے کا مفہوم رکھتی ہے؟ ٹرمپ نے کہا ہے کہ  "اس سے کوئی نتیجہ اخذ مت کریں"۔

روزنامہ نیویارک ٹائمز کی باوثوق ذرائع کے حوالے سے بروز  جمعہ شائع  کردہ خبر کے مطابق دونوں صدور نے گذشتہ ہفتے فون پر بات کی اور ممکنہ بلمشافہ ملاقات پر غور کیا ہے ۔

تناؤ میں اضافہ

صدور کے مابین ٹیلی فونک ملاقات کی یہ تصدیق واشنگٹن اور کاراکاس کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے دوران سامنے آئی ہے۔ خاص طور پر ایسے میں کہ  جب  ٹرمپ نے وینزولا کی  فضائی حدود 'مکمل طور پر بند' کر نے کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔

اوپیک کے سیکریٹری جنرل ہیثھم الغیس اور رکن ممالک کو لکھے گئے اور وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان گل کی طرف سے  ٹیلی گرام سے جاری کردہ ایک خط میں صدر نکولس مادورو نے کہا  ہےکہ وینزویلا  اپنے قدرتی توانائی وسائل کے دفاع سے  متعلقہ "مضبوط موقف" پر برقرار رہے گا۔

مادورو نے یہ خط ،فضائی حدود کو 'مکمل طور پر بند' کرنے سے متعلق، امریکی  وارننگ  کے بعد جاری کیا  ہے۔ کاراکاس  انتظامیہ نے 'غیر مشروط احترام' کا  بھی مطالبہ کیا ہے۔

صدر  نکولس مادورو نے کہا  ہےکہ امریکہ، وینزویلا کے تیل کے ذخائر پر قبضے کے لئے مہلک عسکری قوّت استعمال کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے   اور یہ ہمارے ملک، عوام اور اداروں کے لئے ایک شدید خطرہ ہے ۔

واضح رہے کہ ٹرمپ نے جمعرات کو اعلان کیا  تھاکہ امریکہ 'بہت جلد' وینزویلا  پر برّی  کارروائی کرے گا۔ یہ اعلان ایسے وقت  پر کیا گیا ہے کہ  جب ستمبرسے تاحال  21بحری حملوں میں  کم از کم 83 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔