تہران پر امریکہ کا ممکنہ حملہ،اسرائیل نےفوج کو چوکس کر دیا
اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی خبروں کے باعث اسرائیل نے فضائیہ اور فوجی یونٹس کے لیے الرٹ لیول بڑھا دیا ہے
اسرائیلی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران پر ممکنہ امریکی حملے کی خبروں کے باعث اسرائیل نے فضائیہ اور فوجی یونٹس کے لیے الرٹ لیول بڑھا دیا ہے۔
معاریو اخبار نے اسرائیلی فوجی ذرائع کے حوالے سے کہا کہ فضائیہ، ملٹری انٹیلی جنس سروس اور ناردرن کمانڈ میں الرٹ لیول بڑھا دیا گیا ہے۔
اخبار نے کہا کہ فوج ایران میں ہونے والی پیش رفت پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ خدشات ہیں کہ امریکی فوج تہران پر حملہ کر سکتی ہے۔
معاریو کے مطابق، اسرائیل کی فوج ایران پر کسی بھی ممکنہ حملے کے حوالے سے امریکی مرکزی کمانڈ کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے۔
یہ رپورٹس اس وقت سامنے آئی ہیں جب ایران میں گزشتہ ماہ کے آخر سے حکومت مخالف احتجاج جاری ہیں۔
ایرانی حکام نے امریکہ اور اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ "فسادات" اور "دہشت گردی" کی حمایت کر رہے ہیں۔
ہلاکتوں کی کوئی سرکاری تعداد موجود نہیں، لیکن امریکی ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نیوز ایجنسی نے اندازہ لگایا ہے کہ 2,000 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے ارکان بھی شامل ہیں۔
دریں اثنا،ایران کی حکومت نے واشنگٹن پر فوجی مداخلت کے لیے بہانہ بنانے کا الزام لگایا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندیاں، دھمکیاں، بدامنی اور افراتفری فوجی مداخلت کے بہانے بنانے کے طریقہ کار ہیں۔
یہ تبصرے اس وقت آئے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے احتجاج کے خلاف مداخلت کے جواب میں "سخت کارروائی" کی دھمکی دی تھی۔