افغانستان: 6،3 کی شدّت سے زلزلہ

بلخ اور سمنگان میں 20 شہری ہلاک اور  تقریباً 320 زخمی ہوگئے ہیں: شرافت زمان

Houses damaged by a deadly earthquake that struck Afghanistan's Kunar and Nangarhar provinces, September 4, 2025 [FILE].

افغانستان کے شمالی صوبوں بلخ اور سمنگان میں رات کے وقت 6.3 کی شدت سے  زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

افغانستان وزارتِ صحت کے ترجمان شرافت زمان نے اخباری نمائندوں کے لئے  جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں بلخ اور سمنگان میں 20 شہری ہلاک اور  تقریباً 320 زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے  کے مطابق زلزلہ اتوار کی رات  8 بجکر 30 منٹ پر آیا۔زلزلے کا مرکز مزار شریف کا جوار اور زیرِ زمین گہرائی  28 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

جرمن جیولوجیکل ریسرچ سینٹر نے زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی ہے۔

افغانستان میں 31 اگست  کو 6.0 شدت کا زلزلہ آیا تھا جسے ملکی  تاریخ کا مہلک ترین  زلزلہ قرار دیا گیا تھا۔  زلزلے  میں 2,200 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں زلزلے عام ہیں۔خاص طور پر ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں ، یوریشین اور انڈین ٹیکٹونک پلیٹوں  کے اتصال کے مقام پر ،عام طور پر زلزلے آتے رہتے ہیں۔

برطانوی جیولوجیکل سروے کےماہرِ زلزلہ 'برائن بیپٹی' کے مطابق سن1900 کے بعد سےشمال مشرقی افغانستان میں 7 سے زیادہ شدّت کے 12 زلزلے آئے ہیں ۔