امریکہ بحری فضائیہ کے طیارے جنوبی بحیرہ چین میں گر کر تباہ ہو گئے
یو ایس ایس نمٹز کا ایک جنگی طیارہ اور ایک ہیلی کاپٹر 30 منٹ کے وقفے سے بحیرہ جنوبی چین میں گِر کر تباہ ہو گیا ہے: امریکی بحریہ
اتوار کی دوپہر امریکی طیارہ بردار جہاز 'یو ایس ایس نمٹز' کا ایک جنگی طیارہ اور ایک ہیلی کاپٹر 30 منٹ کے وقفے سےبحیرہ جنوبی چین میں گِر کر تباہ ہو گیا ہے۔
امریکی بحریہ کے پیسیفک فلیٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق "ایم ایچ۔60 آر سی ہاک ہیلی کاپٹر کے عملے کے 3 ارکان کو بچا لیا گیاہے۔ ایف/اے۔18 ایف سپر ہورنیٹ جنگی طیارے کے دونوں پائلٹوں نے بھی حادثے کے دوران طیارہ ترک کر دیا تھا اور انہیں بحفاظت بازیاب کر لیا گیا ہے۔ پانچوں پائلٹ محفوظ اور صحت مند حالت میں ہیں اورحادثات کی تحقیقات جاری ہیں"۔
واضح رہے کہ 'یو ایس ایس نمٹز' موسمِ گرما میں یمن کے حوثیوں کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملوں کے مقابل مشرق وسطیٰ میں فرائض کی انجام دہی کے بعد واشنگٹن نیول بیس 'کٹساپ' میں اپنی بندرگاہ کی طرف واپس جا رہا ہے۔
یہ مشن 'یو ایس ایس نمٹز' طیارہ بردار جہاز کا اپنی ریٹائرمنٹ سے پہلے کا آخری مشن تھا۔
ایک اور طیارہ بردار جہاز' یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین' بھی حالیہ مہینوں میں مشرق وسطیٰ میں تعیناتی کے دوران کئی حادثات کا شکار ہو چُکا ہے۔
دسمبر میں، گائیڈڈ میزائل کروزر یو ایس ایس گیٹسبرگ نے غلطی سے ٹرومین کا ایف/اے۔18 طیارہ مار گرایا تھا۔
اپریل میں ایک اور ایف/اے۔18 جنگی طیارہ ٹرومین کے ہینگر ڈیک سے پھسل کر بحیرہ احمر میں گر گیا تھا اور مئی میں ایک ایف/اے جنگی طیارہ لینڈنگ کے دوران اسٹیل کیبلز کو پکڑنے میں ناکامی کے بعد سمندر میں گر گیا تھا ۔
ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ حادثات کے تحقیقاتی نتائج تاحال جاری نہیں کیے گئے۔