امریکی حملوں میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے ہیں
وینزویلا پر امریکی فوجی حملے میں عام شہریوں اور فوجیوں سمیت کم از کم 40 افرادہلاک ہو گئے ہیں: نیویارک ٹائمز
نیویارک ٹائمز کی خبر کے مطابق وینزویلا پر امریکی فوجی حملے میں عام شہریوں اور فوجیوں سمیت کم از کم 40 افرادہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر میں نام کو پوشیدہ رکھتے ہوئے وینزویلا کی ایک تجربہ کار شخصیت نے کہا ہے کہ "حملے میں عام شہریوں اور فوجیوں سمیت کم از کم 40 افرادہلاک ہوگئے ہیں"۔
امریکی حکام کی اخبار کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق حملہ ایک وسیع پیمانے کے فضائی آپریشن پر مشتمل تھا۔ اس آپریشن کا مقصد وینزویلا برّی افواج کے پوزیشنیں سنبھالنے سے پہلے ملک کی فضائی دفاعی صلاحیت کو ناکارہ بنانا تھا۔
اخبارنے امریکی حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ "فضائی دفاع کو ناکارہ بنانے کے لیے 150 سے زائد امریکی طیارے روانہ کیے گئے تھے ۔ اس طرح فوجی ہیلی کاپٹر حملہ آور دستوں کو کامیابی سے مادورو کے ٹھکانے تک لے گئے"۔
وائٹ ہاؤس یا پینٹاگون کی جانب سے اموات کی تعداد یا آپریشن کے بارے میں تاحال کوئی باقاعدہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے ہفتے کی صبح وینزویلا پر حملہ کر کے صدر مادورو اور ان کی بیوی سیلیا فلورس کو گرفتار کر کے امریکہ پہنچا دیا تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےآپریشن کو رات بھر جاری رہنے والا ایک ڈرامائی آپریشن قرار دیا تھا۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ جب تک وینزویلا میں اقتدار کی 'محفوظ اور مناسب منتقلی' نہیں ہو جاتی، وینیزویلا کا انتظام امریکہ چلائے گا۔
نیویارک کے جنوبی علاقے کے وفاقی پراسیکیوٹروں نے ہفتہ کی صبح مادورو اور فلورس کے خلاف، ٹنوں کی مقدار میں کوکین امریکہ اسمگل کرنے اور دیگر الزامات پر مبنی، ایک فردِ جرم جاری کی ہے۔
ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ ان حملوں سے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی گئی، کانگریس کو نظر انداز کیا گیا اور وینیزویلا اور وسیع تر خطے میں عدم استحکام کے خطرے میں اضافہ کر دیا ہے۔