روس پر یوکرینی ڈرونز کے حملے، رات بھر میں درجنوں ڈرونز مار گرائے گئے

ڈرونز حملے جنوبی روس اور کریمیا میں مقبوضہ علاقوں میں اسکولوں کو بند کرنے، آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کرنے اور گھروں کو نقصان پہنچنے کا موجب بنے ہیں۔

By
ڈرونز کی وجہ سے روس بھر میں سکول اور ایئرپورٹ بند ہو گئے۔ [فائل فوٹو] / AP

روسی وزارتِ دفاع نے جمعہ کو اطلاع دی کہ رات کے دوران پانچ روسی علاقوں، مقبوضہ کریمیا اور بحیرہ اسود کے اوپر 33 یوکرینی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

روسی فضائی نگرانی ادارے نے تصدیق کی کہ ان ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم آٹھ ہوائی اڈوں نے آپریشن معطل کر دیے، جس سے متاثرہ علاقوں میں فضائی سفر متاثر ہوا۔

سلاویانسک آن-کیوبان، کراسنودار خطے میں ایک ڈرون گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے، کراسنودار ہنگامی حالات سے متعلقہ ادارے   حکام  کا کہنا ہے کہ زخمیوں   کو مکمل طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

مقامی اسکول، کنڈرگارٹن اور ضمنی تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے، جبکہ ثانوی اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی کہ خطرہ کم ہونے تک کلاسیں منسوخ کر دی جائیں۔

گورنر یوری سلیوسر نے رپورٹ کیا ہے کہ روستوُف علاقے  میں سات ڈرون مار گرائے گئے، جہاں ایک بجلی کے کھمبے کو نقصان پہنچا جس کے باعث 200 سے زائد گھروں میں بجلی بند ہو گئی  ہے۔

ہنگامی خدمات کے ادارے  نے سات مقامات پر کھڑکیوں، چھتوں اور دروازوں کو پہنچنے والے نقصان کو دستاویزی شکل دی اور رہائشیوں کی املاک کی بحالی میں مدد کے لیے ٹیمیں روانہ کیں۔

خبر رساں ایجنسی طاس  کے مطابق سلاویانسکی ضلع کے سربراہ رومان سینییاگوفسکی نے یہ بتاتے ہوئے کہ شہری علاقوں کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں کے بارے میں خدشات برقرار ہیں،  حفاظتی بندشوں کی تصدیق کی ہے۔

روسی حکام نے رہائشیوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی، جبکہ ہنگامی ٹیمیں نقصان کا جائزہ لے رہی ہیں اور متاثرہ افراد کو فوری مدد فراہم کر رہی ہیں۔