ہم، بین الاقوامی پیٹرول ذخائر کو کھولنے کی حمایت کرتے ہیں: ریوز
ہم، ایران جنگ کے بعد، بین الاقوامی پیٹرول ذخائر کو کھولنے کی حمایت پر تیار ہیں: وزیرِ خزانہ ریچل ریوز
انگلینڈ کی وزیرِ خزانہ ریچل ریوز نے کل بروز سوموار جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "ہم، ایران جنگ کے بعد، بین الاقوامی پیٹرول ذخائر کو کھولنے کی حمایت پر تیار ہیں"۔
ہاؤس آف کامنز میں اسمبلی ممبران کے لئے جاری کردہ بیان میں ریوز نے کہا ہےکہ"ہم نے قبل ازیں اس صورتحال پر جی سیون کے وزرائے خزانہ سے بات کی ہے۔ انگلینڈ ،ضرورت پڑنے پر ، بین الاقوامی انرجی ایجنسی کے ہنگامی پیٹرول ذخائر کو کھولنے کی حمایت کرے گا"۔
ریوز نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جھڑپیں انگلینڈ میں قیمتوں میں اضافہ کر سکتی ہیں اور یہ صورتحال "افراطِ زر" میں مزید اضافے کا امکان رکھتی ہے۔
انہوں نے حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے ایندھن کی قیمتوں سے نمٹنے کے لیےاٹھائے گئے اقدامات کا اعادہ کیا لیکن کسی نئی پالیسی کا اعلان نہیں کیا۔
انہوں نے خطے میں برطانیہ کی عسکری کارروائیوں کے لیے اضافی مالی امداد کی تصدیق کی اور کہا ہے کہ "مجھے ، سرد جنگ کے بعد دفاعی اخراجات میں سب سے بڑا اضافہ کروا نے والی وزیرِ خزانہ ہونے پر ،فخر ہے اور میں اپنی فوج کو درکار وسائل کی فراہمی کے بارے میں پُرعزم ہوں۔اسی وجہ سے میں آج اس بات کی تصدیق کر سکتی ہوں کہ میں نے ، مشرقِ وسطیٰ میں اضافی صلاحیتوں کی تعیناتی کے لیے، وزارتِ دفاع کو خصوصی وسائل تک رسائی کی منظوری دے دی ہے۔اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کاروائیوں کے کسی بھی مجموعی اضافی اخراجات کو وزارتِ دفاع نہیں خزانہ برداشت کرے گا"۔
ایران نے آبنائے ہرمز کو عملاً بند کر دیا ہے۔ یہ اسٹریٹجک راستہ خلیج کو بحیرہ عرب سے ملاتا ہے اور معمول کے حالات میں یومیہ تقریباً 20 ملین بیرل تیل کی ترسیل اور لیکویڈ گیس کی عالمی تجارت کے تقریباً 20 فیصد کو سنبھالے ہوئے ہے۔ اس تجارت کا بیشتر حصہ ایشیائی منڈیوں کے لیے ہوتا ہے۔
آبنائے ہُرمز بند ہونے کے بعد برآمد کنندگان متبادل بحری راستے تلاش کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور ساتھ ہی خطے کی ، کھاد کی تیاری میں استعمال ہونے والے، زرعی غذائی مادوں کی برآمدات بھی متاثر ہو رہی ہیں ۔
توقع کی جارہی ہے کہ رسد کو لگنے والا یہ جھٹکا ، توانائی و مال برداری کی بڑھتی ہوئی لاگتوں کے ساتھ مل کر، غذا کی عالمی رسدی زنجیروں پر دباؤ میں اضافہ کر کے دنیا بھر میں خوراک کی قیمتیں چڑھا دے گا۔