بھارت نے آزاد تجارتی معاہدوں کی مہم تیز کر دی
بھارت نے، بھاری امریکی درآمدی محصولات کے اثرات میں کمی اور عالمی تجارت میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی کے دوران برآمدی منڈیوں کو وسیع کرنے کے لئے، آزاد تجارتی معاہدوں کی مہم تیز کر دی
بھارت نے، بھاری امریکی درآمدی محصولات کے اثرات میں کمی اور عالمی تجارت میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی کے دوران برآمدی منڈیوں کو وسیع کرنے کے لئے، اگلے چند ماہ میں کئی آزاد تجارتی معاہدوں کو حتمی شکل دینے کی مہم تیز کر دی ہے۔
نام کو پوشیدہ رکھتے ہوئے ایک بھارتی سرکاری شخصیت نے کہا ہے کہ نئی دہلی، یورپی یونین، نیوزی لینڈ اور چلی کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے، اور حکام کے مطابق رواں ہفتے میں بھارت، عمان کے ساتھ اپنا پہلے معاہدے پر بھی دستخط کرنے والا ہے۔
سرکاری شخصیت کے مطابق جمعرات کو بھارت-عمان آزاد تجارتی معاہدے پر (FTA) دستخط کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کے بھی عمان کے دارالحکومت مسقط میں موجود ہونے کی توقع ہے۔یہ معاہدہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے اور بھارت کی انجینئرنگ مصنوعات، ٹیکسٹائل، دواسازی اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرے گا۔
واضح رہے کہ ، عالمی رسدی زنجیر میں بھاری شمولیت، برآمدات میں پائیدار ترقی اور روزگار کے مستقل مواقع کی کوششوں کے دوران، آزاد تجارتی معاہدے بھارت کی معاشی حکمتِ عملی کا مرکزی ستون بن گئے ہیں ۔
یہ معاہدے، محصولات میں کمی کر کے اور قابلِ پیش گوئی تجارتی قواعد وضع کر کے، بھارتی کاروباروں کو مسابقتی رکھنے اور نئے بازاروں تک رسائی بڑھانے میں مدد دیں گے۔
جب عالمی تجارت زیادہ تر محصولات کے تنازعات اور جغرافیائی سیاسی کشیدگیوں سے شکل اختیار کر رہی ہے، بھارت شرط لگا رہا ہے کہ وسیع تجارتی معاہدات کا نیٹ ورک بیرونی جھٹکوں کو نرم کرنے اور اس کی برآمدی خواہشات کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں مدد دے گا۔
تیز مذاکرات اسی وقت ہو رہے ہیں جب بھارتی برآمد کنندگان کو اگست میں نافذ ہونے والے 50 فیصد امریکی درآمدی محصولات کے دباؤ کا سامنا ہے۔ اگرچہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی معاہدے پر مذاکرات کر رہے ہیں، مگر یہ محصولات ٹیکسٹائل، آٹو کمپونینٹس، دھاتوں اور مزدوری پر مبنی مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں کو متاثر کر رہے ہیں۔
تجارت کے تجزیہ کار اجے سری واستو نے کہا، 'بھارت واضح طور پر آزاد تجارتی معاہدوں کو ایک حکمتِ عملی کے طور پر استعمال کر رہا ہے تاکہ برآمدی بازاروں کو متنوع بنایا جا سکے اور بلند اور غیر یقینی امریکی محصولات کے اثرات کو نرم کیا جا سکے۔'
سری واستو کے بقول مجموعی طور پر بھارت کے پاس 15 آزاد تجارتی معاہدے ہیں جو 26 ممالک کو محیط کرتے ہیں اور مزید 26 قوموں کے ساتھ چھ ترجیحی تجارتی معاہدے ہیں، جب کہ وہ 50 سے زائد دیگر شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب موجودہ مذاکرات مکمل ہو جائیں گے، تو بھارت کے تقریباً تمام بڑے عالمی معیشتوں کے ساتھ تجارتی معاہدے ہوں گے سوائے چین کے۔
مثبت پیشرفت
بھارت نے حالیہ برسوں میں متحدہ عرب امارات اور آسٹریلیا کے ساتھ جامع اقتصادی تعاون اور تجارتی معاہدے کیے، جس سے دونوں ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوا۔ مئی میں برطانیہ اور بھارت نے اعلان کیا کہ وہ ایک طویل مذاکرات کے بعد FTA پر متفق ہو گئے ہیں جو بھارت کو بھیجی جانے والی اسکاچ وہسکی اور انگلش جن سمیت کچھ مصنوعات پر اور برطانیہ کو بھیجے جانے والے بھارتی کھانے اور مسالوں پر محصولات میں نمایاں کمی کرے گا۔
حکام نے کہا کہ حالیہ معاہدات نے تیز مذاکرات اور کاروبار کے لیے واضح فریم ورکس کی ضرورت کو مزید تقویت دی ہے۔
تجارت کے سیکرٹری راجیش اگروال نے اس ہفتے صحافیوں سے کہا، 'بھارت کئی آزاد تجارتی معاہدوں پر مذاکرات کر رہا ہے۔ میں آئندہ سال ان میں سے کئی پر مثبت پیشرفت دیکھ رہا ہوں۔'
تازہ رفتار کے باوجود چیلنجز باقی ہیں کیونکہ بھارتی مذاکرات کاروں پر چھوٹے کسانوں اور ملکی صنعتوں کے تحفظ کا دباؤ ہے، جبکہ تجارتی شراکت دار مزید مارکیٹ تک رسائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بھارت اور امریکہ امید رکھتے تھے کہ دوطرفہ تجارتی معاہدے کا پہلا حصہ خزاں تک ہو جائے گا، مگر یہ ممکن نہیں ہوا کیونکہ تعلقات اس کے بعد تناؤ کا شکار ہو گئے جب بھارت نے سستی روسی خام تیل کی خریداری جاری رکھی۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ خریداری ماسکو کی جنگی مشین کو فنڈ کرنے میں معاون ہے جو یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں ملوث ہے۔
حالیہ ہفتوں میں ناراضگی میں کمی کے آثار نظر آئے ہیں۔ مودی نے ٹرمپ کے روس-یوکرین جنگ ختم کرنے کے امن منصوبے کی تعریف کی، اور دونوں رہنماؤں نے حال ہی میں باہمی دلچسپیوں بشمول تجارت پر تبادلۂ خیال کے لیے فون پر بات کی۔
امریکی مذاکراتی ٹیم کے نائب تجارتی نمائندے رک سوئٹزر کی قیادت میں ایک وفد گزشتہ ہفتے نئی دہلی آیا اور بھارتی حکام کے ساتھ بات چیت کی۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ سوئٹزر نے بھارت-امریکہ اقتصادی اور ٹیکنالوجیکل شراکت داری اور دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے مواقع پر بات کی۔
نیوزی لینڈ کے تجارت اور سرمایہ کاری کے وزیر ٹوڈ مککلے نے گزشتہ ہفتے اپنے بھارتی ہم منصب پیوش گوئل سے ملاقات کی۔ گوئل نے ایکس پر کہا کہ انہوں نے FTA کے اہم پہلوؤں پر بات کی اور مذاکرات کو باہمی فوائد کے لیے آگے بڑھانے کے طریقے تلاش کیے۔
EU کے تجارت اور اقتصادی سلامتی کمشنر ماروس سیفکووچ نے بھی گزشتہ ہفتے گوئل سے ملاقات کی تاکہ بھارت-یوروپی یونین FTA پر پیش رفت کا جائزہ لیں اور مسائل حل کر کے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے طریقے تلاش کریں۔