اسرائیلی فوج اور غیر قانونی آباد کاروں نے دو اور فلسطینی نوجوانوں کو قتل کر دیا
مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں اور اسرائیلی فوج نے حملہ کر کے دو نوجوان فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے: وفا
مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں اور اسرائیلی فوج نے حملہ کر کے دو نوجوان فلسطینیوں کو قتل کر دیا ہے۔
فلسطین کی سرکاری خبر ایجنسی 'وفا 'کی آج بروز سوموار جاری کردہ خبر کے مطابق 19 سالہ احمد روحی الاطرش کو الخلیل کے شمالی داخلی راستے پر ایک غیر قانونی آبادکار نے قریب سے سر میں گولی مار کے قتل کیا ہے۔
عینی شاہدوں کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہلال احمر کے طبی عملے کو الاطرش تک پہنچنے سے روکے رکھا یہاں تک کہ نوجوان شہید ہو گیا ہے۔ نوجوان 'الاطرش 'کے خاندان کے شناخت کرنے کے بعد لاش لے جانے کی اجازت دی گئی۔
فلسطین وزارتِ صحت کے مطابق ایک اور 17 سالہ نوجوان جمیل عاطف حنانی بھی اتوار کی شام شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا ہے۔ جمیل عاطف کواسرائیلی فوج نے، نابلس کے مشرق میں واقع بیت فوریک قصبے پر چھاپے کے دوران گولی مار کے، قتل کیا ہے۔
فلسطین ہلال احمر نے کہا ہے کہ جمیل عاطف کو سینے میں گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ نوجوان کو رفیدیہ سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیاجہاں اس کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
اکتوبر 2023 سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق ان حملوں میں اسرائیل 1,063 سے زائد فلسطینیوں کو قتل اور 10,300 کو زخمی کر چکا ہے۔