پاکستان: امریکہ اور ایران فوری جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں
اسلامی جمہوریہ ایران اور ریاستہائے متحدہ امریکہ نے، بہ ہمراہ اپنے اتحادیوں کے، لبنان اور دیگر جنگ زدہ مقامات میں فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے: شہباز شریف
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور ایران، بہ ہمراہ اپنے اتحادیوں کے ، لبنان سمیت تمام جنگ زدہ علاقوں میں فوری جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں۔
آج بروز بدھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'X' سے جاری کردہ بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ "میں انتہائی حِلم مزاجی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور ریاستہائے متحدہ امریکہ نے بہ ہمراہ اپنے اتحادیوں کے، لبنان اور دیگر جنگ زدہ مقامات میں، فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔"
شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ "دونوں فریقوں نے غیر معمولی دانشمندی اور فہم و فراست کا مظاہرہ کیا ہے اور امن و استحکام کے مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے تعمیری طریقے سے کام جاری رکھا ہوا ہے۔"
پاکستان کے وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ "ہم نے، تمام مسائل کے حل کے لیے ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کی خاطر، امریکی اور ایرانی وفود کو جمعہ کے روز مذاکرات کے لئے اسلام آباد مدعو کیا ہے"۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ "میں خلوصِ دل سے امید کرتا ہوں کہ 'اسلام آباد مذاکرات' پائیدار امن کے حصول میں کامیاب ثابت ہوں گے۔ ہم آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں سُنانے کے خواہشمند ہیں!"
دو ہفتوں کی جنگ بندی
یہ بیانات امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے "ایران پر بمباری اور دیگر حملوں کو دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے پر رضامندی ظاہر کرنے" سے متعلقہ بیان کے بعد سامنے آئے ہیں ۔
ایران نے بھی کہا ہے کہ ہمارے ملک پر حملے بند ہونے کی صورت میں ہم بھی "جوابی دفاعی کارروائیاں" روک دیں گے۔
دریں اثنا، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے محفوظ سیروسفر کو ایران مسلح افواج کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا۔