ترکیہ اور امریکہ کے درمیان جوہری توانائی کا معاہدہ
ترک وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل، الپ ارسلان بائراکتار نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اسٹریٹجک شہری جوہری تعاون پر ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔
ترکیہ اور امریکہ نے جمعرات کے روز جوہری توانائی کے میدان میں اپنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
ترک وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل، الپ ارسلان بائراکتار نے ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے جوہری توانائی کے میدان میں اپنی گہری اور کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عمل کا آغاز کیا ہے۔
وزیر نے کہاکہ"ہم نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اسٹریٹجک سول نیوکلیئر تعاون پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، جو دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں انجام پایا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ"مجھے امید ہے کہ اس معاہدے کے دائرہ کار میں کیے جانے والے اقدامات مستقبل میں دونوں ممالک کے لیے باہمی فوائد فراہم کریں گے۔"