چین: 4 روزہ مرکزی کمیٹی اجلاس شروع ہو گیا
چین کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے، ملک کے آئندہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے پر غور کے لئے، چوتھا جنرل کمیٹی اجلاس شروع کر دیا
چین کی حزبِ اقتدار 'کمیونسٹ پارٹی' کی مرکزی کمیٹی نے، ملک کے آئندہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے پر غور کے لئے، پیر کے روز بیجنگ میں چوتھا جنرل کمیٹی اجلاس شروع کر دیا ہے۔
اجلاس میں ملک کے صدر اورحزب اقتدار کمیونسٹ پارٹی کے چیئر مین 'شی جن پنگ' نے پولیٹیکل بیورو کی جانب سے ایک ورک رپورٹ پیش کی اور قومی اقتصادی و سماجی ترقی کے لیے 15ویں پانچ سالہ منصوبے (2026-2030) کی تشکیل کے لیے پارٹی قیادت کی پیش کردہ تجاویز کے مسودہ پر روشنی ڈالی ہے۔
مذکورہ چار روزہ اجلاس جمعرات تک جاری رہے گا اور اس دوران حکومت اور پارٹی میں نئی تقرریوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جنرل کمیٹی اجلاسارٹی کامرکزی کمیٹی اجلاس ہے اور اس میں پارٹی کے اعلیٰ ترین 205 حکام اور 167 اضافی اراکین شرکت کرتے ہیں۔
مرکزی کمیٹی کی ذمہ داری پارٹی کے اعلیٰ ترین حکام کا اور پارٹی کے سیاسی بیورو اراکین کے ساتھ ساتھ دیگر اہم تقرّریوں کا تعّین کرنا ہے۔
بیجنگ میں شی جن پنگ کی زیرِقیادت جاری یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت یعنی چین نے 2025 کی تیسری سہ ماہی میں 4.8 فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔
چین نے رواں سال کا سالانہ جی ڈی پی ترقیاتی ہدف "تقریباً 5 فیصد" مقرر کیا ہے۔