لاکھوں افراد کو فلپائن کے ساحلوں پر آنے والے طوفان فینگشین کے باعث نقل مکانی کی ہدایت
موسمیاتی ادارے کے مطابق، طوفان فینگ شین ہفتے کی رات کو کاتاندوانس جزیرے سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔
ہزاروں فلپائنی باشندے ہفتے کے روز اپنے گھروں کو چھوڑ کر بحرالکاہل کے ساحل کے قریب سے محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے، کیونکہ موسمی ماہرین نے خبردار کیا کہ طوفانی ہواؤں کے ساتھ ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
موسمیاتی ادارے کے مطابق، طوفان فینگ شین ہفتے کی رات کو کاتاندوانس جزیرے سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار افراد رہائش پذیر ہیں۔ طوفان کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ (56 میل فی گھنٹہ) تک ہو سکتی ہے۔
اتوار کی صبح طوفان کے مرکزی جزیرے لوزون سے ٹکرانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فینگ شین کے ساتھ شدید بارشیں اور 3تا 6 فٹ بلند لہریں ساحل پر پہنچنے کا امکان ہے، جس سے ساحلی سیلاب کا "کم سے درمیانے درجے کا خطرہ" ہو سکتا ہے ۔
مقامی آفات سے نمٹنے والے حکام کے مطابق، مشرقی صوبے البے کے تقریباً 17,000 رہائشی اور قریبی کاتاندوانس جزیرے کے 9,000 سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔
یہ انخلا ایک معمول کی مشق ہے، کیونکہ یہ علاقہ اکثر مغربی بحرالکاہل میں بننے والے طوفانوں کا پہلا نشانہ بنتا ہے۔
ریسکیو اہلکار جیری روبیو نے اے ایف پی کو بتایا کہ کاتاندوانس کی صوبائی حکومت نے مقامی حکام کو ہدایت دی کہ وہ "اپنے اپنے انخلا کے منصوبے فعال کریں" تاکہ ساحلی علاقوں، نشیبی کمیونٹیز اور لینڈ سلائیڈ کے خطرے والے مقامات پر رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
فلپائن ہر سال تقریباً 20 طوفانوں اور سائیکلونز کی زد میں آتا ہے، جو اکثر ان علاقوں کو متاثر کرتے ہیں جہاں لاکھوں لوگ غربت میں بسر کر رہے ہیں۔
سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافے کے باعث طوفان مزید طاقتور ہو رہے ہیں۔
فینگ شین ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک حالیہ تین ہفتوں میں آنے والے شدید زلزلوں سے متاثر ہے، جن میں کم از کم 87 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔