یوکرین: روسی بمباری میں چھ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں

حملوں کا بنیادی ہدف کیف کا توانائی کا بنیادی ڈھانچہ تھا لیکن بدقسمتی سے رہائشی عمارتوں، اسکولوں اور کاروباری مراکز پر بھی براہِ راست حملے کئے گئے ہیں: زیلینسکی

By
امریکہ کی زیرِ قیادت امن مذاکرات، جو چار سال سے زائد جاری لڑائی کو روکنے کے لیے تھے، امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے باعث پٹڑی سے اتر گئے ہیں۔ / AP

یوکرین کے حکام نے روسی ڈرون اور میزائل حملوں کے نتیجے میں ملک  بھر میں 6 افراد کے ہلاک اور درجنوں کے زخمی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

کیف ریجنل فوجی انتظامیہ کے سربراہ میکولا کلاش نِک نے آج بروز ہفتہ جاری کردہ بیان میں  کہا ہے کہ حملوں میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں  اور چار زخمیوں کی  حالت نازک ہے۔

کلاش نِک  نے کہا ہے کہ حملوں میں  "علاقے کی عام بستیوں، رہائشی عمارتوں، تعلیمی اداروں، کاروباری مراکز اور بنیادی انفراسٹرکچر" کو نشانہ بنا  یا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس "30 متاثرہ مقامات" کے بارے میں معلومات موجود  ہیں۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ کیف، سومی، خارکیف، ڈنیپرو  اور میکولائیو  میں امداد اورملبے کی  صفائی کے آپریشن جاری ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ "روسیوں کا بنیادی ہدف کیف کا توانائی کا بنیادی ڈھانچہ تھا لیکن بدقسمتی سے عام رہائشی عمارتوں، اسکولوں اور کاروباری مراکز پر بھی براہِ راست حملے کئے گئے ہیں"۔

یوکرین فضائیہ نے کہا ہے کہ روس نے 430 ڈرون اور 68 میزائل داغے تھے جن میں سے بالترتیب 402 اور 68 کو  فضائی دفاعی نظام نے روک لیا ہے۔

مقامی انتظامیہ نے کہا  ہےکہ دوپہر کے بعد زاپوروژیا کے مضافاتی رہائشی علاقے پر بھی  ایک روسی حملے میں ایک شخص ہلاک اور 2 بچوں سمیت  18 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

امن مذاکرات پر اثر

واضح رہے کہ امریکہ کی زیرِ قیادت اور چار سالہ جنگ کے خاتمے کے زیرِ مقصد جاری  امن مذاکرات ایران کے خلاف  امریکہ-اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے درہم برہم ہو گئے ہیں۔

زلنسکی نے جمعہ کو یہ تشویش بھی ظاہر کی ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کی وجہ سے روسی تیل پر امریکی پابندیوں میں عارضی نرمی ماسکو کو اپنی جنگ کے لیے نئی آمدنی فراہم کر سکتی ہے۔