مالکم ایکس کی یاد میں 'بازگشت' نامی نمائش شروع ہو گئی
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان اور خاتونِ اوّل امینہ اردوعان نے 'بازگشت' کا افتتاح کیا
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوعان اور خاتونِ اوّل امینہ اردوعان نے بروز جمعہ ' بازگشت' نامی نمائش کا افتتاح کیا۔نمائش میں، انصاف، حقوق اور انسانی وقار سے متعلق بین الاقوامی مباحث کو شکل عطا کرنے والی دو شخصیات سُولے یُکسل شینلر اور مالکم ایکس کی دیرپا میراث کی یاد تازہ کی گئی۔
استنبول کے اتاتُرک ثقافتی مرکز میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں سرکردہ علماء، فنکاروں، ثقافتی شخصیات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ مہمانوں میں مالکم ایکس کی بیٹی ایلیاسہ شہباز، سینیگال کی خاتونِ اوّل ماری کھومے فائے اور ترکیہ کی حزب اقتدار جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے پارلیمانی گروپ کی ڈپٹی چیئرمین اور سُولے یُکسل شینلر فاؤنڈیشن کے نگران گروپ کی سربراہ لیلیٰ شاہن اوستا شامل تھیں۔
نمائش ، بین الاقوامی کانفرنس برائے انسانی حقوق کا حصہ ہے اور 27نومبر تک جاری رہے گی ۔ نمائش میں زائرین کو آرکائیو تصاویر، دستاویزات، صوتی و بصری ریکارڈنگ کے ایک جامع مجموعے کو دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں نمائش میں نوجوان ناظرین کو متوجہ کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت کی مدد سے جدید اندازِ بیان کے حامل فنکارانہ تائثرات کو بھی جگہ دی گئی ہے۔
حقوق اور آزادیوں کے لیے جدوجہد
تقریب سے متعلق انٹرویو میں صدر اردوعان نے نسل در نسل حقوق و آزادیوں کے لیے جدوجہد کرنے والوں کے وقار اور انسانیت کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا ہے کہ ترکیہ کی علمی، ثقافتی اور فنکاربرادری کے ساتھ ملاقات ان کے لئے باعثِ مسّرت ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ معنی خیز نمائش انصاف اور وقار کے لیے ایک لازوال جدوجہد کی بازگشت کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ باز گشت اب استنبول کے دل میں سنائی دے رہی ہے۔