کرپٹو کمپنی نے غلطی سے 44 بلین ڈالر کے بٹ کوائن صارفین کو بھیج دیے
بٹ ہم کے چارٹس کے مطابق بٹ کوائن کی قیمتیں جمعہ کی شام عارضی طور پر 17 فیصد گِر کر 81.1 ملین وان پر پہنچ گئیں۔
جنوبی کوریا کے کرپٹو کرنسی ایکسچینج بٹ ہم نے ہفتہ کو کہا کہ اس نے غلطی سے صارفین کو تشہیری انعامات کے طور پر 40 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے بٹ کوائنز دے دیے، جس سے ایکسچینج پر شدید فروخت شروع ہو گئی۔
بٹ ہم نے جمعے کو ہونے والی اس غلطی پر معذرت کی اور کہا کہ اس نے 620,000 بٹ کوائنز میں سے 99.7 فیصد بازیاب کر لیے ہیں، جو موجودہ قیمتوں کے حساب سے تقریباً 44 ارب ڈالرکے برابر ہیں۔ اس نے جمعے کو غلط تقسیم کے 35 منٹ کے اندر 695 متاثرہ صارفین کے لیے تجارت اور رقم نکالنے کی اجازتیں محدود کر دی تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایکسچینج نے تشہیری مہم کے تحت ہر صارف کو 2,000 جنوبی کوریائی وان ($1.37) یا اس سے زائد کے چھوٹے نقد انعامات تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن جیتنے والوں کو اس کے بجائے کم از کم 2,000 بٹ کوائنز موصول ہوئے۔
بٹ ہم نے ایک بیان میں کہا، 'ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ یہ واقعہ بیرونی ہیکنگ یا سیکیورٹی خلاف ورزیوں سے متعلق نہیں ہے، اور سسٹم سیکیورٹی یا صارفین کے اثاثوں کے انتظام میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔'
بٹ ہم کے چارٹس کے مطابق بٹ کوائن کی قیمتیں جمعہ کی شام عارضی طور پر 17 فیصد گِر کر 81.1 ملین وان پر پہنچ گئیں۔ بعد ازاں قیمتیں بحال ہوئیں اور آخری لین دین 104.5 ملین وان پر ریکارڈ ہوا۔
بٹ ہم جنوبی کوریا کے کرپٹو شعبے میں غالب اپ بٹ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔