عراق: فوجی اڈے پر حملہ، 7 فوجی ہلاک 13 زخمی
حبّانیہ فوجی اڈے کے عسکری کلینک اور انجینئرنگ یونٹ پر فضائی حملے میں 7 فوجی ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ہیں: عراق وزارت دفاع
عراق وزارت دفاع نے کہا ہے کہ آج بروز بدھ صبح کے وقت بغداد کے مغرب میں واقع حبّانیہ فوجی اڈے کے عسکری کلینک اور ایک انجینئرنگ یونٹ پر فضائی حملے کے نتیجے میں سات فوجی ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔
امریکی سوشل میڈیا 'ایکس' پر شائع کردہ بیان میں وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حملے کے بعد امدادی ٹیموں کی موقع پر جاری کاروائیوں کے دوران ایک طیارے سے فائرنگ بھی کی گئی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ حملے میں وہ عملہ ہلاک اور زخمی ہوا ہےجو اپنے 'قومی اور انسان دوست فرائض'سر انجام دے رہا تھا۔
وزارت نے اس حملے کو 'طبی اداروں اور ان کے عملے کو نشانہ بنانے کی ممانعت پر مبنی بین الاقوامی قوانین کی صریح اور سنگین خلاف ورزی اور خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیا اور کہا ہے کہ طبی اداروں کو نشانہ بنایا جانا 'ایک سنگین جرم' ہے۔
عراق جواب دے گا
عراق وزارت دفاع نے کہا ہے کہ یہ حملہ اس کے عملے کا حوصلہ پست نہیں کرے گا اور عراق، فی الوقت نافذالعمل قوانین کے مطابق، حملے کا جواب دینے کے لیے تمام ضروری تدابیر اختیار کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
تاہم وزارت نے حملے کے ذمہ دار فریق کی نشاندہی نہیں کی۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل 28 فروری سے ایران پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حملوں میں ایران کے دینی رہنما علی خامنہ ای سمیت اب تک 1,340 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔
تہران نے ڈرون اور میزائل حملوں کے ذریعے جوابی کاروائیاں کیں اور اسرائیل کے ساتھ ساتھ اردن، عراق اور امریکی فوجی اثاثوں کے میزبان خلیجی ممالک کو بھی نشانہ بنایا ہے ۔حملوں سے جانی و مالی نقصان ہوا، انفراسٹرکچر تباہ ہوا اور عالمی منڈیوں اور فضائی سیرو سفر میں خلل پیدا ہوا ہے۔