لبنان: اسرائیل نے ڈرون حملے میں اسکول جاتے بچوں کو زخمی کر دیا ہے
اسرائیلی ڈرون کے ایک گاڑی کو ہدف بنا کر کئے گئے دو میزائل حملوں میں قریب سے گزرتی اسکول بس کے متعدد بچے بھی زخمی ہو گئے ہیں: این این اے
لبنان وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل نے بدھ کی صبح لبنان کی جنوبی تحصیل 'نباتیہ' کے قصبے' عطّیری' میں ایک گاڑی پر ڈرون حملے کئے ہیں۔
لبنان قومی خبر ایجنسی 'این این اے'کے مطابق اسرائیلی ڈرون نے نباتیہ میں ایک گاڑی کو ہدف بنا کر دو میزائل داغے ہیں جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 11افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
نیوز ایجنسی کے مطابق زخمیوں میں، حملے کے وقت گاڑی کے بالکل پیچھے چلتی اسکول بس میں سوار، متعدد بچے بھی شامل ہیں ۔
حملے کے نتیجے میں ہدف بننے والی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو بنت جبیل کے صلاح غندور ہسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔
نیوز ایجنسی نے زخمی طالبعلموں کی تعداد اور صحت کی حالت سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
یہ حملہ اسی دن جنوبی لبنان کے شہر صیدا میں عین الحلوہ فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملوں سے چند گھنٹے بعد کیا گیا ہے۔ پناہ گزین کیمپ پر حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے کا ہدف، مرکز میں موجود، حماس اراکین تھے اور اس مقام کو اسرائیل کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ تاہم فلسطین مزاحمتی گروپ 'حماس' نے اسرائیلی دعووں کی تردید کی ہے۔
مقامی خبروں کے مطابق دو اسرائیلی ڈرونوں نے بنت جبیل شہر اور بلیدا قصبے میں بھی الگ الگ گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہےجس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے بروز بدھ جاری کردہ بیان میں گاڑیوں پر کیے گئے حملوں میں دو حزب اللہ ارکان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا ہے کہ دونوں افراد 'حزب اللہ کی بحالی کی سرگرمیوں میں ملوث' تھے اور 'اسرائیلی فوج کے بارے میں خفیہ معلومات جمع کر رہے تھے'۔
واضح رہے کہ حالیہ کئی ہفتوں سے جنوبی لبنان میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے لبنانی حدود کے اندر تقریباً روزانہ فضائی حملوں میں شدت پیدا کر دی اور دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں زیادہ تر حزب اللہ کے ارکان اور اس کے ڈھانچے کو نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔
لبنان پر حملے اکتوبر 2023 سے شروع ہوئے اور ستمبر 2024 میں یہ مکمل پیمانے پر جارحیت میں بدل گئے تھے۔ ان حملوں میں اسرائیلی فوج، لبنان میں 4,000 سے زائد افراد کو قتل اور تقریباً 17,000 کو زخمی کر چُکی ہے۔
نومبر 2024 میں اعلان کردہ جنگ بندی کے تحت اسرائیلی فوج کو رواں سال ماہِ جنوری میں جنوبی لبنان سے مکمل انخلاء کرنا تھا لیکن اس نے جزوی انخلا کیا اور اب بھی پانچ سرحدی چوکیوں پر اپنی فوجی موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔