امریکہ: ٹرمپ۔شی ملاقات کے دوران ٹک ٹاک معاہدہ مکمل ہو جائے گا

اس ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے دوران ٹک ٹاک معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لے گا: وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ

(FILE) Trump signed an executive order last month allowing TikTok to operate in the US under a new corporate structure with American investors. / Reuters

امریکہ کے وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اتوار کے روز جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ٹک ٹاک سے متعلق معاہدہ اس ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے دوران حتمی شکل اختیار کر لے گا۔

بیسنٹ نے پروگرام 'فیس دی نیشن' میں مارگریٹ برینن کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ "ہم نے ٹک ٹاک پر ایک حتمی معاہدہ کر لیا ہے۔ میڈرڈ میں ہم نے ایک معاہدہ کیا تھا اور مجھے یقین ہے کہ  آج سےمعاہدے کی تمام تفصیلات حتمی شکل اختیار کر گئی ہیں۔ معاہدے کو  دونوں رہنما جمعرات کے روز  جنوبی کوریا میں آخری شکل دیں گے"۔

ٹرمپ کے تین ممالک پر مشتمل دورہ ایشیاء کے آغاز پر چین اور امریکہ کے اعلیٰ حکام نے تجارتی مذاکرات کےلئے  بروز اتوار ملائیشیا میں دوبارہ ملاقات کی۔ ٹرمپ، ایشیاء۔پیسیفک اقتصادی تعاون سربراہی اجلاس 'اے پی ای سی'  کے دائرہ کار میں، 30 اکتوبر کو جنوبی کوریا میں چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

ٹرمپ نے گذشتہ ماہ ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد ٹک ٹاک کو امریکی سرمایہ کاروں کے ساتھ اور ایک نئی اداراتی ساخت کے تحت کام کرنے کی اجازت دینا تھا  تاہم معاہدے کی تفصیلات ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔