امریکہ: کینیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات 'ختم' کر دیئے گئے ہیں
کینیڈا نے سابق صدر رونالڈ ریگن کے بیانات کو غلط انداز میں پیش کیا ہے لہٰذا ہم، کینیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کر رہے ہیں: صدر ٹرمپ
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ "کینیڈا نے تجارتی محصولات کے خلاف شروع کردہ اشتہاری مہم میں سابق صدر رونالڈ ریگن کے بیانات کو غلط انداز میں پیش کیا ہے لہٰذا ہم،کینیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کر رہے ہیں"۔
جمعرات کو 'ٹروتھ سوشل' سے جاری کردہ بیان میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ "کینیڈا کے ناقابل قبول روّیے کی وجہ سے اس ملک کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات فوری طور پر ختم کر دیئے گئے ہیں"۔
انہوں نے کہا ہے کہ "رونالڈ ریگن فاؤنڈیشن کے جاری کردہ اعلان کے مطابق کینیڈا نے ٹیرف مخالف مہم میں ایک ایسا جعلی اشتہار استعمال کیا ہے جس میں ریگن کو ٹیرف کے خلاف بات کرتے دکھایا گیاہے"۔
شمالی امریکہ کے ان ہمسایہ ممالک کے باہمی تعلقات میں یہ غیر معمولی موڑ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کی وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے ملاقات کے بعد آیا ہے۔ مارک کارنی کی ٹرمپ کے ساتھ ملاقات دو ہفتے قبل ہوئی اور اس کا مقصد سخت امریکی محصولات میں نرمی کی درخواست کرنا تھا۔
رونالڈ ریگن فاؤنڈیشن نے 'ایکس' سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کینیڈا حکومت نے، ریگن کے اپریل 1987 کے قوم سے خطاب کی آڈیو اور ویڈیو کو منتخب حصّے استعمال کئے اور غلط تائثر پیش کیا ہے۔ فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ یہ اشتہار ریگن کے اصل بیان کو غلط انداز میں پیش کرتا ہے اور اس معاملے میں قانونی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ اشتہار امریکی سپریم کورٹ کے، عالمی ٹیرف سے متعلقہ، فیصلے پر اثر انداز ہونے کے لیے بنایا گیا ہے ۔
تجارتی مذاکرات کا اچانک خاتمہ مارک کارنی کے لئے ایک دھچکا ثابت گا کہ جنہیں ٹرمپ نے 7 اکتوبر کو 'عالمی معیار کا رہنما' قرار دیا اور کہا تھا کہ کارنی کے ساتھ مذاکرات اُن کے لئے 'باعثِ مسّرت' ہوں گے۔ تاہم، اس وقت ٹرمپ نے ٹیرف پر کوئی فوری رعایت دینے کا وعدہ نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور کینیڈا کے درمیان سرحد پار تجارتی حجم تقریباً 85 فیصد ہے۔ اور 'شمالی امریکہ تجارتی معاہدے' USMCA کے تحت یہ تجارت ٹیرف سے آزاد ہے۔
تاہم، اسٹیل، ایلومینیم، اور آٹو موبیل جیسے شعبوں پر ٹرمپ کے عالمی محصولات نے کینیڈا کو شدید متاثر کیا ہے اور ملازموں اور آجروں کے لئے مشکلات کا سبب بن گئے ہیں۔