جنوبی افریقہ: مسلح حملہ، 9 افراد ہلاک
جوہانسبرگ کی حدود سے باہر واقع ایک 'بار' پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کی حدود سے باہر واقع ایک 'بار' پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ، رواں مہینے کے دوران، جنوبی افریقہ میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے۔
پولیس ذرائع کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق تقریباً ایک درجن افراد نے رات کے ایک بجے کے لگ بھگ شہر کے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں سونے کی کانوں والے علاقے'بیکرزڈال' میں واقع ایک بار پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں9 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کے جاری کردہ بیان کے مطابق حملہ آور دو گاڑیوں میں آئے، بار کے گاہکوں پر گولیاں چلائیں اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
صوبائی پولیس کمشنر میجر جنرل فریڈ کیکانا نے SABC ٹیلی ویژن کو بتایا ہےکہ ہلاک ہونے والوں میں ایک آن لائن کار ہائیرنگ سروس کا ڈرائیور بھی شامل ہے جو بار کے باہر کھڑا تھا۔
پولیس نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر کاروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ افریقہ کا سب سے زیادہ صنعتی ملک 'جنوبی افریقہ' جرائم کے منظم جتھوں کے بھڑکائے ہوئے جرائم اور بدعنوانیوں کےخلاف نبرد آزما ہے۔
ملک میں مسلح حملوں کے واقعات کافی عام ہیں اور زیادہ تر جتھوں کے درمیان تشدد اور غیر قانونی کاروباروں کے درمیان رقابت کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔یہ مسلح حملے، جنوبی افریقہ میں قتل کی بلند ترین شرح کےاسباب میں بھی شمار ہوتے ہیں ۔