وطن عزیز کو مضبوط بنانا اتاترک کی میراث کا احترام کرنا ہے:ایردوان

صدر نے کہا  کہ اتاترک کی میراث کا احترام کرنے کا مطلب وطن عزیز   کو مضبوط بنانا ، آگے بڑھانا ، اس کی تعمیر کرنا  اور  اسے ہر میدان میں مضبوط اور زیادہ خوشحال بنانا ہے۔

By
ایردوان / AA

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے  گزشتہ  روز انقرہ میں بانی وطن  اور پہلے صدر مصطفی کمال اتاترک کی 87 ویں برسی کے موقع پر ایک قومی تقریب میں شرکت  کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ،ایردوان نے اتاترک کو خراج تحسین پیش کیا اور  پہلی ترک پارلیمان کے ارکان کا شکریہ ادا کیا  جنہوں نے جنگ آزادی کی قیادت کی اور جدید ترک ریاست کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے  شہدائے وطن  کو بھی خراج تکریم پیش کیا  اور ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 102 سالہ تاریخ میں ترکیہ کی ترقی میں حصہ لیا۔

میرا فانی جسم یقینا ایک دن خاک میں بدل جائے گا ، لیکن جمہوریہ ترکیہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔" ایردوان نے اتاترک کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے  کہا یہ بیان ان کے اس   وژن  کی عکاسی کرتا ہے کہ ایک ایسی قوم  جو وقت کے ساتھ ساتھ برقرار رہے گی اور مضبوط ہوگی۔

صدر نے کہا  کہ اتاترک کی میراث کا احترام کرنے کا مطلب وطن عزیز   کو مضبوط بنانا ، آگے بڑھانا اس کی تعمیر کرنا  اور  اسے ہر میدان میں مضبوط اور زیادہ خوشحال بنانا ہے۔"

ایردوان نے یونان کے شہر تھیسالونیکی میں اتاترک کی جائے پیدائش کی 11 ماہ بعد  بحالی کا بھی اعلان کیا   جو ترک  وزارت ثقافت و سیاحت نے ترک تعاون اور رابطہ ایجنسی (TIKA)کے تعاون سے کیا ہے۔

انہوں نے اس منصوبے کو اتاترک کے ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے ترکیہ کی جاری کوششوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی گھر کو 1953 کی شکل میں بحال کر تے ہوئے زائرین کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

اتاترک ، جنہوں نے ترکیہ  کی جنگ آزادی کی قیادت کی اور 1923 میں جدید جمہوریہ کی بنیاد رکھی ، 10 نومبر 1938 کو 57 سال کی عمر میں استنبول کے قصر  دولما باھچے  میں انتقال کر گئے تھے ۔