روس کی جانب سے غیر قانونی طور پر ضم کیے گئے جزیرہ نما کریمیا کی نام نہاد انتظامیہ کے سربراہ سرگئی اکسیونوف نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی فوج نے ایک بار پھر کریمیا پل پر حملہ کیا ہے۔
سرگئی اکسیونوف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ یوکرینی فوج نے دوبارہ کریمیا پل کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد پل پر ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کریمیا کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس پل کے ذریعے سفر کرنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب روسی تحقیقاتی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس واقعے کے حوالے سے ’’دہشت گردانہ حملے‘‘ کے تحت تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
روسی نائب وزیراعظم مارات خوسنولین نے کریمیا پل پر حملوں کے بعد حکومتی کمیشن کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا، جس میں پل کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت اور بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ماسکو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روسی نائب وزیراعظم مارات خوسنولین نے صدر ولادیمیر پوتن کو پل کی صورتحال سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ یوکرین نے کریمیا پل پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں پل کو نقصان پہنچا تھا۔
کریمیا پل، جسے کرچ پل (Kerch Bridge) بھی کہا جاتا ہے، روس کے لیے تزویراتی اعتبار سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ پل 2014 میں روس کی جانب سے غیر قانونی طور پر ضم کیے گئے جزیرہ نما کریمیا کو روسی سرزمین سے ملاتا ہے۔






















