جمہوریہ ترکیہ کے بانی اور عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کی 88ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے انقرہ میں واقع ان کے مزار 'آنت کبیر' میں سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔
صبح 8 بج کر 45 منٹ پر سرکاری حکام کے شیروں والے راستے سے گزرنے کے ساتھ تقریب کا آغاز ہوا۔
صدر رجب طیب اردوعان نے سرخ اور سفید رنگ کے گلِ قرنفل سے بنا ہلال اور ستارے کی شکل کا گلدستہ اتاترک کے مزار پر رکھا۔
88 سال قبل اتاترک کے انتقال کی گھڑی یعنی صبح 9 بج کر 5 منٹ پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔
اس دوران سرکاری پرچم کو نصف سرنگوں کر دیا گیا۔
صدر اردوعان نے آنت کبیر کی یادگاری کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔
انہوں نے لکھا کہ"عزیز اتاترک!آپ کے انتقال کی 88ویں برسی کے موقع پر ہم آپ کو، آپ کے رفقائے کار، جنگِ آزادی کی قیادت کرنے والی ہماری عظیم قومی اسمبلی کے معزز اراکین، ہماری سرزمین پر ہمیشہ کے لیے اپنی موجودگی کی مہر ثبت کرنے والے شہداء اور ہماری قوم کے لیے بھاری قربانیاں دینے والے غازیوں کو رحمت کے ساتھ یاد کرتے ہیں"۔
صدر اردوعان نے لکھا ہے کہ "ایسے مشکل وقت میں کہ جب ہمارا خطہ اور پوری دنیا بحرانوں سے نبرد آزما ہے، ہم جمہوریہ ترکیہ کے 86 ملین شہریوں کو ایک زیادہ خوشحال مستقبل کی جانب لے جانے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
ہم اپنی قوم کے ساتھ مشترکہ اہداف اور نصب العین کے ساتھ، شہداء اور غازیوں کی مقدس امانت اس جنت نظیر وطن کی تعمیر و ترقی کے لیے پورے عزم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے۔اللہ آپ کی روح کو سکون عطا فرمائے"۔























