یوکرین کی فوج کا کہنا ہے کہ آج صبح سویرے کیف پر بیلسٹک میزائل سے حملہ شروع ہو گیا ہے۔
دارالحکومت کے میئر وٹالی کلیٹچکو نے ٹیلی گرام پر کہا، "دارالحکومت میں فضائی دفاعی فورسز کام کر رہی ہیں۔ برائے مہربانی پناہ گاہوں میں رہیں!"۔
اے ایف پی کے صحافیوں نے دھماکوں کی آوازیں سنیں ۔
ایک دن قبل وسطی-مشرقی یوکرین کے ڈنیپروپیٹروسک اور شمالی سومی کے علاقے میں روسی حملوں میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
یہ حملہ یوکرین کی جانب سے روس کے جنوب مغرب میں وولگوگراڈ اور بیلگوروڈ ، اور یوکرین کے خطے ڈونیٹسک کے علاقے ہورلیوکا ، جو ماسکو کے کنٹرول میں ہے، پر حملوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
علاقائی حکام نے بتایا کہ ان حملوں میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔
روس نے فروری 2022 میں اپنی ہمہ جہت جنگ کے آغاز کے بعد سے یوکرین کو تقریباً روزانہ کے حملوں سے نشانہ بنایا ہے، جو دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ میں سب سے خونریز تنازع ہے۔
یوکرین نے بھی حالیہ مہینوں میں روس اور ماسکو کے زیر قبضہ علاقوں کے خلاف اپنے حملوں کو تیز کر دیا ہے، جنہیں وہ انتقامی کارروائی قرار دیتا ہے۔
علاقائی گورنر نے اتوار کو بتایا کہ ایک "بڑے" یوکرینی ڈرون حملے نے جنوبی روس میں ایک شخص کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کر دیا اور ایک ریفائنری میں آگ لگا دی۔
کراسنوڈار کے علاقائی گورنر وینیمین کونڈراتیوف نے کہا کہ گرنے والے ملبے سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
کونڈراتیوف نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ کراسنودار کا علاقہ دشمن کے ایک بڑے ڈرون حملے کی زد میں آیا... افسوس کی بات ہے کہ ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے،"
انہوں نے مزید کہا کہ "ایک شخص زخمی ہوا اور اسے موقع پر ہی ضروری امداد فراہم کی گئی"۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک آئل ریفائنری میں بھی آگ لگ گئی، اور بجلی کی ترسیلی لائن اور گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا۔















